حلقہ گریجویٹ کے مجوزہ الیکشن میں کانگریس کی کامیابی ضروری۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا انتباہ
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مجوزہ حلقہ گریجویٹ کونسل کے الیکشن میں کامیابی ہی ہمارا نشانہ ہے ہم انتخابات میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی کی اجازت نہیں دیں گے۔ پارٹی امیدوار کے نام کو جاریہ ماہ کے اواخر میں قطعیت دی جائے گی۔
حیدرآباد(منصف نیوز بیورو) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مجوزہ حلقہ گریجویٹ کونسل کے الیکشن میں کامیابی ہی ہمارا نشانہ ہے ہم انتخابات میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی کی اجازت نہیں دیں گے۔ پارٹی امیدوار کے نام کو جاریہ ماہ کے اواخر میں قطعیت دی جائے گی۔
چیف منسٹر زوم کانفرنس کے ذریعہ نظام آباد، عادل آباد اور کریم نگر، اضلاع کے پارٹی قائدین بشمول صدر ٹی پی سی سی مہیش کمار گوڑ سے بات کررہے تھے۔
چیف منسٹر نے ریاست میں کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد مختلف فلاحی اسکیمات پر عمل آوری اور مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے متعلق تفصیلات سے پارٹی قائدین کو واقف کروایا اور کہا کہ حکومت کے ان اقدامات سے عوام بالخصوص نوجوانوں کو واقف کروانے کی ضرورت ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ مجوزہ حلقہ گریجویٹ کونسل کا الیکشن بہت جلد منعقدہونے والا ہے۔ صدر ٹی پی سی سی بی مہیش کمار گوڑ کے صدر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد پہلا الیکشن رہے گا۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس کارکنوں کے ہمراہ تمام گریجویٹس کے نام فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کو یقینی بنائیں۔
اس سلسلہ میں 15/ اکتوبر تک الیکشن کو آرڈنیشن اینڈ پارلیمانی حلقہ جات کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور وار روم بھی قائم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے مذکورہ ضلع قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ سینئر قائدین سے مشاورت اور الیکشن میں کامیابی کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیں۔
صدر ٹی پی سی سی بی مہیش کمار گوڑ نے ضلع صدور کو ہدایت دی کہ وہ انتخاب کی تیاریاں فوری طور پر شروع کردیں۔ ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت کیلئے ایم ایل سی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔
امیدواروں کے انتخاب اور ووٹر لسٹ میں گریجویٹس کے ناموں کی شمولیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ زوم کانفرنس میں انچارج کانگریس امور دیپا داس منشی، ریاستی وزیر پونم پربھاکر، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کو‘ کونسل اور ضلع صدور نے حصہ لیا۔