آر آر آر نے تاریخ بنائی! بہترین ایکشن فلم کے ساتھ جیتے مزید 3 ایوارڈ
واضح رہے کہ آر آر آر کی ٹیم اس وقت لاس اینجلس میں ہے اور آسکر کی امید کر رہی ہے۔ وہ 12 مارچ کو اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے لئے تیار ہے۔
لاس اینجلس: ایس ایس راجامولی کی ہدایت کاری میں بنی فلم آر آر آر کامیابی کے جھنڈے ہنوز گاڑتی چلی جارہی ہے۔ یہ فلم جس نے پہلے ہی کئی عالمی ایوارڈس جیتے ہیں، اب حال ہی میں منعقدہ ہالی ووڈ کریٹکس ایسوسی ایشن فلم ایوارڈز میں کئی ایوارڈس اپنے نام کر چکی ہیں۔
اس فلم نے بہترین ایکشن فلم، بہترین بین الاقوامی فیچر، بہترین اوریجنل گانے اور بہترین اسٹنٹ کے ایوارڈز حاصل کئے۔
بہترین ایکشن فلم کا ایوارڈ قبول کرتے ہوئے ایس ایس راجامولی نے غیر یقینی کیفیت میں کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ مجھے اسٹیج کے پیچھے جا کر یہ چیک کرنے کی ضرورت ہے کہ واقعی ہم نے یہ ایوارڈ جیتا ہے یا نہیں۔ آپ کا بہت بہت شکریہ۔ اس ایوارڈ کا مطلب بہت کچھ ہے! میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا کہ ہمارے لئے یہ کیا معنی رکھتا ہے؟
یہ بہترین ایکشن فلم (ایوارڈ) ہے، ہم نے بہترین اسٹنٹ (ایوارڈ) جیتا، لیکن شاید بہترین اسٹنٹ (ایوارڈ) بہترین اسٹنٹ کوریوگرافر کے لئے ہے۔
راجا مولی جب ایواڈر لینے کے لئے اسٹیج پر پہنچے تو فلم کے ایک ہیرو رام چرن کو بھی اسٹیج پر ساتھ لے گئے۔
رام چرن نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اچھی فلمیں پیش کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔ راجامولی نے یہ ایوارڈ اپنے ساتھی ہندوستانی فلم سازوں کے نام وقف کردیا۔
واضح رہے کہ آر آر آر کی ٹیم اس وقت لاس اینجلس میں ہے اور آسکر کی امید کر رہی ہے۔ وہ 12 مارچ کو اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے لئے تیار ہے۔
فلم کا وائرل ٹریک سانگ ’’ناٹو ناٹو‘‘آسکر کے لئے اوریجنل گانے کے زمرہ میں نامزد کیا گیا ہے۔ اس سال کے شروع میں یہی گانا گولڈن گلوبس ایوارڈ حاصل کرچکا ہے۔ اس کے 5 دن بعد آر آر آر نے 28ویں کریٹکس چوائس ایوارڈز میں مزید دو ایوارڈز جیتے۔ انہوں نے بہترین گانا (ناٹو ناٹو) اور بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کا ایوارڈ حاصل کیا۔