دہلی

سپریم کورٹ‘ایس بی آئی کو مہلت نہ دے، الیکشن سے قبل الیکٹورل بانڈس کا سچ سامنے آنا ضروری: کانگریس

کھرگے نے کہا کہ مبہم الیکٹورل بانڈس کے عوض نریندر مودی کے چہیتے صنعتکاروں کو شاہراہوں‘ بندرگاہوں‘ طیرانگاہوں اور برقی پلانٹس کے ٹھیکے دیئے گئے۔

نئی دہلی: کانگریس نے منگل کے دن مرکز کو الیکٹورل بانڈس کی تفصیلات ظاہر کرنے مزید مہلت طلبی کے لئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا(ایس بی آئی) کے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے پر نشانہ تنقید بنایا۔

متعلقہ خبریں
9 نومبر کی تاریخ گزرگئی، اتراکھنڈمیں یو سی سی لاگو نہ ہونے پر کانگریس کا طنز
نرملا سیتارمن کے خلاف تحقیقات پر کرناٹک ہائی کورٹ کی روک
آتشبازی پر سال بھر امتناع ضروری: سپریم کورٹ
آسام کے اسمبلی حلقہ سماگوڑی میں بی جے پی اور کانگریس ورکرس میں ٹکراؤ
انڈیا اتحاد دہشت گردی کا حامی اور دستور کا مخالف : اسمرتی ایرانی

 کانگریس نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت اپنی ”مشتبہ معاملتوں“کو چھپانے کے لئے ملک کے سب سے بڑے بینک کو ڈھال کے طورپر استعمال کررہی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے پیر کے دن سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا کہ اسے سیاسی جماعتوں کے ہر الیکٹورل بانڈ کی تفصیل بیان کرنے 30 جون تک کا وقت دیا جائے۔

 سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ اپنے فیصلہ میں ایس بی آئی کو ہدایت دی تھی کہ 6 مارچ تک الیکشن کمیشن کو تفصیلات فراہم کردی جائیں۔ صدر کانگریس ملیکارجن کھرگے نے کہا کہ الیکٹورل بانڈ اسکیم پر کانگریس کا موقف یہ ہے کہ یہ اسکیم ”مبہم‘ غیرجمہوری اور مقابلہ کے یکساں میدان کو تباہ کردینے والی ہے“۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت الیکٹورل بانڈس کے ذریعہ اپنی مشتبہ معاملتوں کو چھپانے ہمارے ملک کے سب سے بڑے بینک کو ڈھال بنارہی ہے۔ سپریم کورٹ نے ایس بی آئی کو 6  مارچ کو تفصیلات دینے کو کہا لیکن بی جے پی چاہتی ہے کہ یہ کام لوک سبھا الیکشن کے بعد ہو۔

موجودہ لوک سبھا کی میعاد 16 جون کو ختم ہوجائے گی اور ایس بی آئی 30 جون تک ڈاٹا (اعدادوشمار) شیئر کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس دھوکہ باز اسکیم کا اصل فائدہ بی جے پی کو پہنچا تھا۔

کھرگے نے کہا کہ مبہم الیکٹورل بانڈس کے عوض نریندر مودی کے چہیتے صنعتکاروں کو شاہراہوں‘ بندرگاہوں‘ طیرانگاہوں اور برقی پلانٹس کے ٹھیکے دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ عطیہ دہندگان کی 44,434 آٹومیٹیڈ ڈاٹا انٹریز کو صرف 24 گھنٹوں میں میاچ کیا جاسکتا ہے۔ ایسے میں ایس بی آئی کو 4ماہ کی مہلت کیوں چاہئے۔

مودی حکومت بوکھلاگئی ہے۔ وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کو بلڈوز کرنے کے لئے ایس بی آئی کو استعمال کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے بھی حکومت پر تنقید کی اور سپریم کورٹ سے گزارش کی کہ وہ ایس بی آئی کو مہلت نہ دے۔

انہوں نے کہا کہ لوک سبھا الیکشن سے قبل عوام کو معلوم ہوجانا چاہئے کہ کسے کہاں سے اور کتنا پیسہ ملا۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیر کے دن حکومت پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا ”حقیقی چہرہ“ چھپانے کے لئے لوک سبھا الیکشن سے قبل آخری کوشش کی جارہی ہے۔

 انہوں نے ایکس پر ہندی میں کہا کہ نریندر مودی نے اپنا ”ڈونیشن بزنس“ چھپانے ساری طاقت لگادی۔ سابق صدر کانگریس نے کہا کہ سپریم کورٹ جب کہہ چکی ہے کہ الیکٹورل بانڈس کا سچ جاننے کا ملک کے عوام کو حق حاصل ہے تو پھر ایس بی آئی‘ الیکشن سے قبل یہ جانکاری دینا کیوں نہیں چاہتا۔