کرشمہ کپور کے سابق شوہر سنجے کپور کا انتقال
معروف بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور مشہور صنعت کار سنجے کپور کا انتقال ہو گیا ہے۔ افسوسناک واقعہ انگلینڈ کے گارڈز پولو کلب میں پیش آیا، جہاں سنجے پولو کھیل رہے تھے۔ کھیل کے دوران وہ اچانک میدان پر گر پڑے۔

نئی دہلی: معروف بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور مشہور صنعت کار سنجے کپور کا انتقال ہو گیا ہے۔ افسوسناک واقعہ انگلینڈ کے گارڈز پولو کلب میں پیش آیا، جہاں سنجے پولو کھیل رہے تھے۔ کھیل کے دوران وہ اچانک میدان پر گر پڑے۔ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر طبی مدد بلائی اور سنجے کپور کو اسپتال پہنچایا گیا، لیکن ڈاکٹرز انہیں نہ بچا سکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی جا رہی ہے۔
سنجے کپور بھارت کے معروف کاروباری شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ وہ آٹو موبائل اور رئیل اسٹیٹ سمیت کئی شعبوں میں سرگرم تھے۔ اُنہیں پولو کھیلنے کا خاص شوق تھا اور وہ اکثر بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں حصہ لیا کرتے تھے۔
سنجے کپور کی شادی 2003 میں بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور سے ہوئی تھی۔ اس شادی سے ان کے دو بچے ہیں — بیٹی سمائرا اور بیٹا کیان۔ تاہم، کچھ سال بعد دونوں کے تعلقات میں کشیدگی آ گئی اور 2014 میں کرشمہ نے عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کی۔ 2016 میں دونوں کا باقاعدہ طور پر طلاق ہو گیا۔
طلاق کے دوران کرشمہ نے سنجے پر کئی سنگین الزامات عائد کیے تھے، جن میں ذہنی اور جذباتی تشدد شامل تھا۔ یہ معاملہ اس وقت میڈیا میں خاصا گرم رہا تھا۔
کرشمہ کپور سے علیحدگی کے بعد، سنجے کپور نے ماڈل اور کاروباری شخصیت پریا سچدیف سے دوسری شادی کی۔ ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔ پریا سچدیف اور سنجے کپور کئی ایونٹس میں ایک ساتھ نظر آتے تھے اور سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم تھے۔
سنجے کپور کی اچانک موت کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں، دوستوں اور کاروباری حلقوں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ متعدد مشہور شخصیات نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ابھی تک کرشمہ کپور کی طرف سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے، تاہم قریبی ذرائع کے مطابق وہ اس خبر سے شدید صدمے میں ہیں۔