جموں و کشمیر

نئی نویلی دلہن کا خواب چکنا چور، ’میں سب کو ہرا دوں گا…‘، شوہر کی ہلاکت سے ایک دن پہلے کا ویڈیو وائرل

جموں و کشمیر کے خوبصورت علاقہ پہلگام میں حالیہ دنوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ اس خونی حملے میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں کانپور (اترپردیش) سے تعلق رکھنے والے شُبھم دویدی بھی شامل تھے۔

دہلی: جموں و کشمیر کے خوبصورت علاقہ پہلگام میں حالیہ دنوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ اس خونی حملے میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں کانپور (اترپردیش) سے تعلق رکھنے والے شُبھم دویدی بھی شامل تھے۔ شُبھم دویدی کی موت پر پورے ملک میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور سوشل میڈیا پر ان کا ایک دن پہلے کا خوشگوار ویڈیو دل دہلا دینے والا منظر پیش کر رہا ہے۔

شُبھم کا جو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، وہ اس حملے سے صرف ایک دن پہلے کا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شُبھم اپنی اہلیہ اور کچھ دوستوں کے ساتھ ایک ہوٹل میں تاش کھیل رہے ہیں، اور ہنسی مذاق کے ماحول میں زور سے کہتے ہیں: "میں سب کو ہرا دوں گا!”

اس لمحے وہ تاش کے کھیل میں واقعی سب کو ہرا رہے تھے، لیکن کسی کو معلوم نہیں تھا کہ اگلے ہی دن شُبھم زندگی کی جنگ ہار جائیں گے۔

شُبھم اپنی نئی نویلی دلہن کے ساتھ پہلگام گھومنے آئے تھے۔ وہ 12 فروری کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور محض دو ماہ بعد ہی ان کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق، دہشت گردوں نے شُبھم کے سر پر گولی ماری۔ ان کی اہلیہ نے بتایا: "جب دہشت گردوں نے شُبھم کو مار دیا تو میں نے کہا کہ مجھے بھی مار دو لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ کہنے لگے: ہم تمہیں نہیں ماریں گے، تم زندہ رہو اور جا کر مودی کو بتاؤ کہ ہم نے کیا کیا ہے۔”

شُبھم کے والد، سنجے دویدی، جو سیمنٹ کا کاروبار کرتے ہیں، غم سے نڈھال ہیں۔ پورا خاندان صدمے میں ہے۔ شُبھم کے گھر والوں نے حکومت سے سخت اقدام اٹھانے اور دہشت گردوں سے بدلہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے:
"جس بے رحمی سے ہمارے بیٹے کو مارا گیا، حکومت کو بھی ویسا ہی جواب دینا چاہیے۔”

اس اندوہناک واقعہ نے پورے ملک میں غم اور غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگ حکومت سے سوال کر رہے ہیں کہ آخر کب تک معصوم لوگ دہشت گردوں کا نشانہ بنتے رہیں گے؟ اور سیاحتی علاقوں میں سیکیورٹی کے کیا انتظامات ہیں؟