آپریشن سندور کا ثبوت مانگنے والے پاکستان جائیں: گری راج سنگھ
پہلگام حملہ کے بعد ہندوستان کے انسدادِ دہشت گردی آپریشن سندور کا کانگریس کی جانب سے ثبوت طلب کئے جانے کے بعد مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے قدیم سیاسی جماعت کو کرارا جواب دیا۔

پٹنہ (آئی اے این ایس) پہلگام حملہ کے بعد ہندوستان کے انسدادِ دہشت گردی آپریشن سندور کا کانگریس کی جانب سے ثبوت طلب کئے جانے کے بعد مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے قدیم سیاسی جماعت کو کرارا جواب دیا۔
بیگوسرائے میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر سنگھ نے کانگریس قائدین اور ان کے حلیفوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ہندوستان کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے بعض افراد بشمول کانگریس ہنوز ”تکڑے تکڑے“ گینگ کا حصہ ہیں اور پاکستان کی زبان بول رہے ہیں۔
اگر انہیں ثبوت چاہئے تو وہ پاکستان جائیں اور وہاں کے وزیراعظم سے پوچھیں۔ وہاں انہیں دہشت گردوں کے تباہ شدہ ٹھکانوں‘ منہدمہ ایربیسس اور ان کی میٹنگوں میں نمایاں دہشت کی شکل میں ثبوت مل جائیں گے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پاک مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے اندر 9 ایربیسس اور دہشت گردی کے کئی لانچ پیاڈس کو ہندوستان نے اپنی جوابی کارروائی میں ملبہ میں تبدیل کردیا۔
پاکستانی قیادت کا ردعمل خود اس آپریشن کا اثر کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں دہشت گرد بند کمرہ میٹنگس کررہے ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی کو کوس رہے ہیں۔ کیا یہ اس بات کا کافی ثبوت نہیں کہ ہندوستان نے آپریشن سندور کے تحت کیا کیا۔