مسجد الحرام کے باب الفتح کے مینار پر سنہری ہلال کی تنصیب
مسجد الحرام کے میناروں میں نصب کیے جانے والے تمام سنہرے ہلال کاربن فائبر سے تیار کردہ ہیں جسے مضبوط مانا جاتا ہے۔ اس میں موسمیاتی اثرات کو برداشت کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہوتی ہے۔

مکہ مکرمہ: مکہ مکرمہ میں واقع مسلمانوں کے سب سے مقدس مقام مسجد الحرام (کعبۃ اللہ) کے ایک اور دروازے باب الفتح کے مینار پر سنہرے رنگ کا ہلال نصب کر دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق باب الفتح کے مینار پر نصب کیا جانے والا سنہری رنگ کا ہلال مسجد کے میناروں پر نصب مجموعی طور پر 13 واں اور آخری ہلال ہے جو 130 میٹر بلند مینار پر نصب کیا گیا ہے جب کہ ہلال کی اونچائی 9 میٹر اور اس کا اسٹینڈ 9 میٹر چوڑا ہے۔
ہلال پر سنہرے رنگ کا پانی چڑھا ہوا ہے جو کہ ہلال کے حسن اور اس کی چمک دمک کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے جب کہ ہلال کا اندرونی ڈھانچے معیاری فولاد سے تیار کردہ ہے۔
اس حوالے سے حرمین شریفین کی نگہداشت کرنے والے ادارے نے آفیشنل ایکس اکاؤنٹ پر ویڈیو اور تصاویر شیئر کی ہیں جس میں بتایا گیا کہ مینارے عموما اسلامی فن تعمیر اور خصوصا مسجد الحرام کے قابل دید مقامات میں شمار ہوتے ہیں۔
مسجد الحرام میں تیرہ مینارے ہیں اور ہر مینارے پر سنہرے رنگ کا ہلال نصب ہے۔ مسجد الحرام کے میناروں میں نصب کیے جانے والے تمام سنہرے ہلال کاربن فائبر سے تیار کردہ ہیں جسے مضبوط مانا جاتا ہے۔ اس میں موسمیاتی اثرات کو برداشت کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہوتی ہے۔