حیدرآباد

چیف منسٹر کے ہاتھوں ایر پورٹ ایکسپریس میٹرو کاسنگ بنیاد متوقع

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ 9دسمبر کو حیدرآباد ایرپورٹ ایکسپریس میٹرو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ 9دسمبر کو حیدرآباد ایرپورٹ ایکسپریس میٹرو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

31کیلو میٹر طویل یہ پراجکٹ، انفارمیشن ٹکنالوجی ڈسٹرکٹ ہائی ٹیک سٹی کو شمس آباد کے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ سے مربوط کرے گا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم نسق و شہری ترقیات کے تارک راما راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر9دسمبر کو ایر پورٹ ایکسپریس میٹرو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

حیدرآباد، تیزی کے ساتھ ترقی کررہا ہے، کے ٹی آر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ”انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر صاحب9دسمبر کو ایر پورٹ ایکسپریس میٹرو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔“یہ پراجکٹ، مائنڈ اسپیس جنکشن سے شروع ہوکر شمس آباد ایر پورٹ پر ختم ہوگا۔

31 کیلو میٹر طویل اس پراجکٹ کی تعمیر پر6250 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے سال2022-23 کے ریاستی بجٹ میں اس پراجکٹ کے لئے377.55 کروڑ روپے مختص کرنے کی حکومت سے خواہش کی ہے۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے پہلے ہی ڈیٹیل پراجکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کرلی ہے۔

مجوزہ ہائی اسپیڈ ایر پورٹ ایکسپریس میٹرو، ایلی ویٹیڈ اور انڈر گراونڈ دونوں شعبوں پر مشتمل رہے گا۔ 2.5 کیلو میٹر جملہ راہداری زیر زمین رہے گی۔ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد مسافرین صرف20 منٹ میں ایرپورٹ پہنچ جائیں گے۔

اس راہداری پر بائیو ڈئیورسٹی جنکشن، نانک رام گوڑہ، نارسنگی، ٹی ایس پولیس اکیڈیمی اور راجندر نگر اہم اسٹیشن رہیں گے۔ شہر میں پہلے سے ہی69 کیلو میٹر پر میٹرو ریل کارکرد ہے۔یو این آئی کے مطابق تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 9 دسمبر کو یہاں ایر پورٹ ایکسپریس میٹرو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ریاستی وزیر بلدی نظم نسق وشہری ترقیات کے تارک راما راؤ نے اتوار کے روز یہ بات بتائی۔ ٹوئٹ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ مائنڈ اسپیس جنکشن سے شمس آباد ایر پورٹ تک 31کیلو میٹر طویل پراجکٹ کا تخمینہ لاگت6250 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

جمعہ کے رؤز شلپا لے آوٹ کے نئے فلائی اوور کا افتتاح کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا تھا کہ مرکز کے مالی تعاون کے بغیر ریاستی حکومت، حیدرآباد میٹر ریل پراجکٹ کو توسیع دے گی۔ میٹرو کے پہلے مرحلہ کی طرح ٹی آر ایس حکومت مرکز کے تعاون کے بغیر دوسرے مرحلہ کے توسیع کاموں کو مکمل کرے گی۔