کھڑگ پور ریلوے اسٹیشن پر بجلی کا تار ٹی ٹی ای پر گر پڑا (ویڈیو)
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹریولنگ ٹکٹ ایگزامینر (ٹی ٹی ای) مغربی بنگال کے کھڑگ پور ریلوے اسٹیشن پر ایک پلیٹ فارم پر کھڑا تھا۔

کھڑگپور: ایک المناک واقعہ میں ایک ٹکٹ چیکر پر بجلی کا تار گر پڑا جس کے نتیجہ میں وہ جھلس گیا۔ اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوگئی ہے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹریولنگ ٹکٹ ایگزامینر (ٹی ٹی ای) مغربی بنگال کے کھڑگ پور ریلوے اسٹیشن پر ایک پلیٹ فارم پر کھڑا تھا۔
اس شخص کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا اور جھلسنے کے باوجود اب اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گیا اور اس کی ایک خوفناک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص (ٹی ٹی ای) پلیٹ فارم پر کسی دوسرے شخص کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے جبکہ اس وقت اس کی پیٹھ پٹریوں کی طرف ہے۔ اچانک ایک تار اس پر گرپڑتا ہے جس میں برقی رو دوڑ رہی تھی۔
وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ شخص فوری طور پر سر کے بل پلیٹ فارم کے نیچے ریلوے پٹریوں پر گرتا ہے۔
ریلوے کے ایک عہدیدار نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ایک عجیب حادثہ میں کیبل کا ایک لمبا ٹکڑا، جس کا ایک سرا ایک پرندے کے منہ میں تھا کہ وہ اوورہیڈ ٹرانسمیشن لائنس کے رابطہ میں آیا اور دوسرا سرہ پلیٹ فارم پر کھڑے ٹی ٹی ای کے سر کو چھو گیا۔ اس واقعہ میں ٹی ٹی ای کو جلنے کے زخم آئے لیکن وہ خطرے سے باہر ہے اور زیر علاج ہے۔