آئس کریم کے کون میں نکلی چھپکلی کی دُم، خاتون اسپتال پہنچ گئی ، مشہور برانڈ پر جرمانہ (ویڈیو وائرل)
پولیس نے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ "ہَو مور" آئس کریم کمپنی پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق معاملے کی مکمل جانچ جاری ہے، اور شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

احمد آباد: گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے بچوں کے ساتھ آئس کریم کھاتے ہوئے اُس میں چھپکلی کی دُم پائی۔
یہ واقعہ احمد آباد کے مانی نگر علاقے میں پیش آیا، جہاں متاثرہ خاتون نے مقامی دکان "مہالکشمی کارنر” سے مشہور برانڈ "ہَو مور” کی چار کون آئس کریمز خریدیں۔ شوق سے کھانے کے دوران خاتون کو اپنی آئس کریم میں ایک عجیب چیز دکھائی دی، اور قریب سے دیکھنے پر پتا چلا کہ وہ چھپکلی کی دُم ہے۔
واقعہ کے بعد خاتون کو شدید پیٹ درد اور الٹیاں شروع ہو گئیں، جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں اب بھی وہ زیر علاج ہیں۔ متاثرہ خاتون نے احمد آباد میونسپل کارپوریشن کو شکایت درج کرائی، جس کے بعد حکام نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دکان کو سیل کر دیا۔
پولیس نے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ "ہَو مور” آئس کریم کمپنی پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق معاملے کی مکمل جانچ جاری ہے، اور شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔