ریاست ٹاملناڈو، دہلی کے سامنے کبھی بھی نہیں جھکے گی۔ امیت شاہ کو ایم کے اسٹالن کی للکار
چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے جمعہ کے دن مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر پلٹ وار کیا جنہوں نے برسراقتدار ڈی ایم کے کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نیٹ اور لوک سبھا حلقوں کی ازسرنو حدبندی جیسے مسائل توجہ ہٹانے کے حربوں کے طورپر استعمال کررہی ہے۔

تروولور(ٹاملناڈو) (پی ٹی آئی)چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے جمعہ کے دن مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر پلٹ وار کیا جنہوں نے برسراقتدار ڈی ایم کے کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نیٹ اور لوک سبھا حلقوں کی ازسرنو حدبندی جیسے مسائل توجہ ہٹانے کے حربوں کے طورپر استعمال کررہی ہے۔
انہوں نے امیت شاہ کو للکارا کہ وہ ریاست کے عوام کو واضح جواب دیں کہ آیا برسراقتدار ڈی ایم کے توجہ ہٹارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو اور ڈی ایم کے نیٹ اور دیگر مسائل پر پوری قوت سے آواز اٹھارہی ہیں۔ نیٹ ہو‘ سہ لسانی پالیسی‘ وقف ترمیمی قانون ہو یا لوک سبھا حلقوں کی ازسرنو حدبندی صرف ہم پوری قوت سے مخالفت کررہے ہیں۔
اسٹالن نے کہا کہ امیت شاہ کا کہنا ہے کہ ہم یہ سب کچھ توجہ ہٹانے کے لئے کررہے ہیں جبکہ میرا کہنا ہے کہ ریاست ٹاملناڈو تمام ہندوستانی ریاستوں کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ریاستوں کے حقوق مانگنا غلط ہے۔
ڈی ایم کے صدر نے کہا کہ ان کی ریاست سپریم کورٹ گئی اور ریاستی گورنر کے خلاف تاریخی فیصلہ آیا کیونکہ گورنر کچھ کرہی نہیں رہاتھا۔ یہ ڈی ایم کے کی طاقت ہے جسے ملک بھر میں محسوس کیاگیا۔ انہوں نے امیت شاہ سے پوچھا کہ کیاآپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ نیٹ سے استثنیٰ دیاجائے گا۔
کیا آپ یہ تیقن دے سکتے ہیں کہ ہندی نہیں تھوپی جائے گی۔ کیا آپ بتاسکتے ہیں کہ ٹاملناڈو کو کونسے مرکزی فنڈس ملے۔ کیا آپ یہ تیقن دے سکتے ہیں کہ لوک سبھا حلقوں کی ازسرنو حدبندی سے پارلیمانی نمائندگی نہیں گھٹے گی۔ اگر ہم لوگوں کی توجہ ہٹارہے ہیں تو آپ ان مسائل پر ٹاملناڈو کے عوام کو واضح جوابات کیوں نہیں دے دیتے۔ امیت شاہ نے 11اپریل کو ڈی ایم کے پر سخت تنقید کی تھی۔
انہوں نے الزام عائد کیاتھا کہ لوک سبھا حلقوں کی ازسرنوحدبندی اور سہ لسانی پالیسی جیسے مسائل اس لئے اٹھارہی ہے تاکہ اصل مسائل سے توجہ ہٹ جائے۔ انہوں نے خبردارکیاتھا کہ جنتا اپنی قیادت سے کرپشن کے بارے میں جواب مانگے گی۔ امیت شاہ نے اپوزیشن اے آئی اے ڈی ایم کے سے اتحاد کے بعد اعتماد ظاہرکیاتھا کہ 2026ء کے الیکشن میں این ڈی اے کی جیت ہوگی۔
اس پراسٹالن نے کہا کہ ایسا کبھی بھی نہیں ہوگا۔ ریاست ٹاملناڈو‘ دہلی کے سامنے کبھی بھی نہیں جھکے گی۔ ہمارا مخصوص کردار ہے۔چھاپوں اور دھمکیوں کے ذریعہ دیگر ریاستوں میں پارٹیاں توڑنے کا آپ کا فارمولہ ٹاملناڈو میں نہیں چلے گا۔ انہوں نے بی جے پی وزراء بشمول امیت شاہ پرالزام عائد کیاکہ وہ سابق میں ٹاملوں کی برائی کرتے رہے ہیں۔ ٹاملناڈو عزت نفس اور جرأت مندی والی سرزمین ہے۔
وہ کبھی بھی کسی کا غلبہ برداشت نہیں کرتی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم غلام نہیں ہیں جو دھمکیوں میں آجائیں۔ صرف امیت شاہ ہی نہیں کوئی بھی شاہ ہم پر حکومت نہیں کرسکتا۔ یہ ٹاملناڈو ہے۔