ریاستی یونیورسٹیوں میں اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات
عثمانیہ، کاکتیہ سمیت 7 یونیورسٹیوں میں بھرتی کا عمل؛ 2 دسمبر سے 22 دسمبر تک آن لائن درخواستیں قبول کی جائیں گی۔
حیدرآباد (منصف نیوزڈیسک) تلنگانہ کی7یونیورسٹیاں‘ اسسٹنٹ پروفیسرس کی 429جائیدادوں پرتقررات کے لئے یکم دسمبرکواعلامیہ جاری کرنے اور سلیکشن کاعمل 30 اپریل تک مکمل کرنے کے لئے تیار ہیں۔
تقررات کے ابتدائی شیڈول کے مطابق 2 تا22دسمبر آن لائن درخواستیں قبول کی جائیں گی جبکہ موصولہ درخواستوں کی جانچ 23 دسمبر تا 30جنوری 2027 کی جائے گی۔اہل اور نااہل کی عبوری فہرست یکم فروری کوجاری کی جائے گی۔اگرکسی کواعتراض ہوتووہ یکم فروری تا 5فروری کے درمیان اعتراضات داخل کرسکتا ہے۔
ان اعتراضات کی جانچ 6 اور 10فروری کے دورمیان کی جائے گی اور 10فروری کوقطعی فہرست جاری کی جائے گی۔ ابتداء میں تلنگانہ کونسل فارہائر ایجوکیشن کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی‘ درخواستوں کی اسکریننگ کرے گی۔
بعدازاں ریاست کی 7یونیورسٹیاں‘11 سے 28 فروری کے درمیان شارٹ لسٹ کردہ امیدواروں کا تدریسی مظاہرہ کا مشاہدہ کریں گی اور متعلقہ مضمون میں امیدوار کے نالج کی جانچ کریں گی جس کے بعد یکم مارچ تا 10 اپریل کے درمیان ان امیدواروں کے انٹرویوز منعقد کئے جائیں گے۔میرٹ لسٹوں کو قطعیت دینا‘ تحفظات کے دعوؤں کی تصدیق‘روسٹرسسٹم پرعمل آوری کا عمل 11 سے 12اپریل تک مکمل کیاجائے گا۔
30 اپریل تک سلیکشن فہرستوں کی منظوری دی جائے گی اور تقررات کے احکام جاری کئے جائیں گے۔قبل ازیں ریاستی حکومت نے عثمانیہ یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی 252‘ کاکتیہ یونیورسٹی میں 49‘ تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد میں 2‘ شاتاواہنا یونیورسٹی کریم نگر میں 49‘ پالمورویونیورسٹی محبوب نگر میں 45اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اور سورارام پرتاپ ریڈی تلگویونیورسٹی میں 16,16 جائیدادوں پرتقررات کی منظوری دی تھی۔