تلنگانہ: کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ کے بعد لاشوں کی شناخت میں دشواری
ڈاکٹرس کی ٹیم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ لاشیں دیکھنے کے لیے جا رہی ہے تاکہ شناخت میں مدد دی جا سکے مگر جھلسنے کی شدت کی وجہ سے شناخت کا عمل ناکام ثابت ہو رہا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع کے پٹن چیرو میں پیر کو سگاچی کلورو کیمیکلس پرائیویٹ لمیٹڈ میں ہوئے دھماکے اور بعد میں لگی آگ سے ہلاک ہونے والے ملازمین کی لاشیں بری طرح جھلس گئیں جس کے باعث ان کی شناخت نہایت مشکل ہو گئی ہے۔
اب تک برآمد ہونے والی 37 لاشوں میں سے صرف چار کی شناخت ہو پائی ہے۔ بڑی تعداد میں مہلوک افراد کے رشتہ دار سرکاری اسپتال، پٹن چیرو پہنچے ہیں تاکہ اپنے رشتہ داروں کی شناخت کر سکیں تاہم لاشوں کی حالت کے باعث یہ عمل انتہائی مشکل ثابت ہو رہا ہے۔
ڈاکٹرس کی ٹیم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ لاشیں دیکھنے کے لیے جا رہی ہے تاکہ شناخت میں مدد دی جا سکے مگر جھلسنے کی شدت کی وجہ سے شناخت کا عمل ناکام ثابت ہو رہا ہے۔
ان حالات میں، انتظامیہ نے ڈی این اے جانچ کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ مرکزی فارنسک سائنس لیباریٹری حیدرآباد کی ٹیم کو نمونے حاصل کرنےکی ذمہ داری دی گیی ہے تاکہ لاشوں کی شناخت میں ضلع انتظامیہ کو مدد فراہم کی جا سکے۔