تلنگانہ:’کھانا نہیں کھاتی ہے صرف جوس پیتی ہے’ دولہے کا نو بیاہتا دلہن پر عجیب الزام
نوبیاہتادلہن کے رشتہ داروں نے دلہے کے مکان کے سامنے احتجاج کیا۔تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے کاسی ریڈی پلی گاوں میں یہ واقعہ پیش آیا۔

حیدرآباد: نوبیاہتادلہن کے رشتہ داروں نے دلہے کے مکان کے سامنے احتجاج کیا۔تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے کاسی ریڈی پلی گاوں میں یہ واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ کی 24 تاریخ کواسی گاوں کے ایس پراوین نامی نوجوان کی شادی منچریال کی 22سالہ لڑکی سے ہوئی تھی۔
شادی کے چوتھے دن شوہر نے دلہن کو ماں کے گھر چھوڑ دیا۔جب اس تعلق سے پراوین سے اس کے سسرالی رشتہ داروں نے وجہ دریافت کی تو وہ مناسب جواب نہیں دے سکا۔
اس نے کہا کہ لڑکی کھانا نہیں کھاتی ہے اور وہ صرف جوس پیتی ہے۔پراوین کی ان باتوں کو سن کر اس کے سسرالی رشتہ دارحیران ہوگئے۔
جب اس سلسلہ میں پراوین کے ارکان خاندان سے لڑکی کے رشتہ داروں نے رابطہ کیا تو انہوں نے ا س پر لاپرواہی سے جواب دیا اور کہاکہ وہ بزرگوں کی موجودگی میں اس مسئلہ کو حل کریں گے۔
پراوین کے رشتہ داروں نے گھر کا دروازہ بھی ان پر بند کردیا جس پر لڑکی کے رشتہ داروں نے لڑکے کے مکان کے سامنے احتجاج شرو ع کردیا۔اس بات کی اطلاع پر پولیس نے کہا کہ دونوں فریقین کی کونسلنگ کی جائے گی۔