تلنگانہ

تلنگانہ انتخابات:کانگریس کی تائید کرنے جمعیۃ علماء کا متفقہ فیصلہ

جمعۃ علماء کے ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں کہا گیا کہ ریاست میں حکمران بھارت راشٹر سمیتی نے مسلمانوں کے ساتھ کئی وعدے کئے‘ سوال یہ ہے کہ ان میں سے کتنوں کو پورا کیا گیا۔

حیدرآباد: جمعۃ علماء تلنگانہ کے ضلعی صدور و عہدیداروں کا اجلاس جو حال ہی میں منعقد ہوا تھا میں عوام خصوصاً مسلم اقلیتوں کے ساتھ اختیار کئے گئے رویہ کو سامنے رکھتے ہوئے ریاست تلنگانہ اور ملک کے سیاسی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ خبریں
ٹی ڈبلیو اے ٹی کا میجسٹک ہوٹل نامپلی میں اجلاس
صدر ٹی پی سی سی کے عہدہ کیلئے کانگریس قائدین کی دوڑ دھوپ
تلنگانہ میں کانگریس کو 10 نشستیں ملیں گی، چیف منسٹر پرامید
تلنگانہ:ایم ایل سی کی نشست کے ضمنی انتخاب کی مہم کااختتام
تلنگانہ میں ٹی ایس کے بجائے ٹی جی استعمال کی ہدایت، احکام جاری

 اجلاس نے اس بات پر غور کیا کہ2014کے بعد سے ریاست میں مسلمانوں کے ساتھ فریب‘ دغا بازی اورمیٹھی باتوں میں الجھا کر رکھنے کا جو سلسلہ گزشتہ دس سال سے چل رہا ہے کیا اس کو جاری رہنے کا موقعہ دینا ہے‘ یا پھر ہم کو اس میں تبدیلی کے لئے کچھ کرنا ہے۔

 اجلاس کی صدارت صدر ریاستی جمعیۃ علماء علما تلنگانہ و آندھرا پردیش مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے کی تھی۔جمعۃ علماء کے ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں کہا گیا کہ ریاست میں حکمران بھارت راشٹر سمیتی نے مسلمانوں کے ساتھ کئی وعدے کئے‘ سوال یہ ہے کہ ان میں سے کتنوں کو پورا کیا گیا۔

77ہزار ایکڑ اوقافی جائیدادوں کو تباہ کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔9سال پہلے آلیر میں انکاؤنٹر میں بے قصور مسلم نوجوانوں کو پولیس نے ہلاک کیا‘ کئی ایک مساجد کو شہید کیا گیا۔ اردو میڈیم کے سرکاری اسکولوں کو بند کیا جارہا ہے۔ مسلمانوں کو روزگار کی فراہمی کی اسکیموں کو ختم کردیا گیا ہے۔

وقف بورڈ کے ریکارڈ کو غیر محفوظ طور پر مہر بند کردیا گیا‘ جس کی حفاظت اور دیکھ بھال کی کوئی ضمانت نہیں۔ مسلم اداروں پر نا اہل اور نا قابل افراد کو نامزد کرتے ہوئے مسلمانوں کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بی آر ایس نے دفعہ 370کی منسوخی‘ تین طلاق بل‘ جیسے قوانین کی منظوری کے لئے بی جے پی کی تائید کی۔

 سارے ملک میں اپوزیشن لیڈروں کے خلاف کارروائیاں ہورہی ہیں‘ لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بی آر ایس نے اس معاملہ میں بی جے پی مفاہمت کرلی ہے۔ اس لئے اس کو بخش دیا گیا ہے۔ آزادی کے بعد سے ملک میں سیکولرازم کو باقی و برقرار رکھا گیا ہے‘ اب اس کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسے میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ قوم کو جھنجوڑنے کی جو کوشش کی ہے اس کے اچھے نتایج نکلے ہیں۔

کئی سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئی ہیں۔ ملک میں سیاسی تبدیلی لانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری بڑی حد تک مسلمانوں پر بھی عائد ہوتی ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ اگر ہم حالات میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو اس کے لئے علما پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

 یہ علما ہی تھے جنہیں پہلی جنگ آزادی کے وقت سے لے کر ملک کی آزادی تک انگریز سامراج نے ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا‘ لاکھوں علما نے اپنی جان اور مال کی قربانی دے کے ملک کو آزادی دلائی۔ اب اس آزادی‘ سیکولرازم اور جمہوریت کی حفاظت کی ذمہ داری پھر ہم پر آن پڑی ہے اور ہمیں اس کو بخوبی نبھانا ہے۔

جمعۃ علماء تلنگانہ کے صدو رنظمائے اعلی اور جمعےۃ علماء کے کارکنان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ 30/ نومبر کے دن زیادہ سے زیادہ محنت کرکے ایسے جماعت کے حق ووٹ ڈلانے کی کوشش کرے جو جمعےۃ علماء کی جانب سے پیش کردہ مطالبات کو مانتی ہے اور گزشتہ 70سالہ تاریخ میں کبھی فرقہ پرست طاقتوں کے ساتھ ہاتھ نہیں ملایا ہے اور 2024؁ء کے پارلیمانی انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کی طاقت رکھتے ہو۔

اب چونکہ وقت بہت کم ہے اس لئے ریاستی جمعیہ علماء اور خود عوام کے فیصلہ کے پیش نظر صد فیصد ووٹنگ کرانے کی کوشش کی جائے۔خصوصاخواتین کابھی ووٹ ڈلوایاجائے کیونکہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے اور اس وقت اس کا صحیح استعمال بے حد ضروری ہے ورنہ آنے والے حالات میں بڑے مسائل ہونے کے اندیشہ ہے اپنے ووٹ کا استعمال صحیح پارٹی کے حق میں کرکے دستور کو بچانے کی کوشش کرے جو دستور سب قوموں کوانصاف دلاتا ہے۔

a3w
a3w