تلنگانہ: لڑکی کی خودکشی، بوائے فرینڈ کے مکان کے سامنے لاش رکھ کر ارکان خاندان کااحتجاج
جب ان کے خاندانوں نے شادی سے انکار کر دیا تو دونوں حیدرآباد منتقل ہو گئے اور ایل بی نگر میں ساتھ رہنے لگے تاہم حالیہ دنوں میں ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے جس کے بعد کاویری نے مبینہ طور پر مکان میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع کے مانک نائک تانڈا میں ہفتہ کی رات اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ایک لڑکی کے ارکان خاندان نے اس کی لاش کے ساتھ اس کے بوائے فرینڈکے مکان کے سامنے احتجاج کیا۔
پولیس کے مطابق، سرگا پور منڈل کی 23سالہ کاویری اور نظام پیٹ منڈل کا سری کانت ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔ جب ان کے خاندانوں نے شادی سے انکار کر دیا تو دونوں حیدرآباد منتقل ہو گئے اور ایل بی نگر میں ساتھ رہنے لگے تاہم حالیہ دنوں میں ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے جس کے بعد کاویری نے مبینہ طور پر مکان میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔
لڑکی کے والدین نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل ہے جسے سری کانت نے خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔ ہفتہ کی رات جب لاش کو گاؤں لے جایا جا رہا تھا تو رشتہ داروں نے اسے سری کانت کے مکان کے سامنے رکھ دیا اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا دیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کرنے اضافی فورس تعینات کر دی۔ دوسری جانب یہ اطلاع بھی موصول ہوئی ہے کہ گاؤں کے بزرگ دونوں خاندانوں کے درمیان سمجھوتہ کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔