تلنگانہ: غیرقانونی اسقاط حمل۔ اسپتال پر پولیس کا چھاپہ ۔ڈاکٹر زیرحراست
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں یہ اسپتال غیر قانونی اسقاطِ حمل کے لیے مرکز بنتا جا رہا تھا۔ حکام نے بتایا کہ اس اسپتال کو ایک ایسا ڈاکٹر چلا رہا تھا جس پر ماضی میں ایک اور قصبے میں اسی نوعیت کے معاملپ میں الزامات عائد ہوچکے ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے یادادری بھونگیر ضلع کے ضلع مستقرکے ایک نجی اسپتال پر ایس او ٹی پولیس نے کل نصف شب کو چھاپہ مارا۔ اطلاعات کے مطابق دو لڑکیوں کا اس اسپتال میں اسقاطِ حمل کیا جا رہا تھا جس کی اطلاع ملنے پر حکام نے اچانک چھاپہ مارا۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں یہ اسپتال غیر قانونی اسقاطِ حمل کے لیے مرکز بنتا جا رہا تھا۔ حکام نے بتایا کہ اس اسپتال کو ایک ایسا ڈاکٹر چلا رہا تھا جس پر ماضی میں ایک اور قصبے میں اسی نوعیت کے معاملپ میں الزامات عائد ہوچکے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ہر ایک اسقاط حمل کے لیے 50 ہزار روپے وصول کیے جا رہے تھے۔ ایس او ٹی پولیس نے مذکورہ ڈاکٹر کو حراست میں لے کر ابتدائی تفتیش کے بعد اسے مقامی پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں اب تک کتنے اسقاطِ حمل کیے گئے، اس کا پتہ لگانے کے لیے مکمل ریکارڈ کی جانچ جاری ہے۔ اس واقعہ کے سلسلہ میں مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔