حیدرآباد

نئے سکریٹریٹ کا 30 اپریل کو افتتاح، تیاریاں مکمل: پرشانت ریڈی

ریاستی وزیر عمارات وشوارع وی پرشانت ریڈی نے آج کہاکہ 30 اپریل کو ریاست کے نئے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر انٹیگریٹیڈ سکریٹریٹ کے افتتاح کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر عمارات وشوارع وی پرشانت ریڈی نے آج کہاکہ 30 اپریل کو ریاست کے نئے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر انٹیگریٹیڈ سکریٹریٹ کے افتتاح کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں
صنعتی نمائش میں ٹرافک پولیس کے اسٹال کا افتتاح
ریونت ریڈی کو سکریٹریٹ کی گیٹ پر روک دیاگیا
حلقہ کونسل ورنگل کے ضمنی الیکشن کی تیاریوں کا جائزہ
ایودھیا میں رام مندر کا پران پرتشٹھان دوبارہ کیا جائے گا: شنکراچاریہ
راجیو گاندھی ڈے اینڈ نائٹ لیگ کی کل افتتاحی تقریب

انہوں نے کہاکہ اتوار سے نئے سکریٹریٹ سے ریاست کے نظم و نسق و دیگر امور کی انجام دہی کا آغاز ہوگا۔ آج پرشانت ریڈی نے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس انجنی کمار‘ پولیس کمشنر آف حیدرآباد سی وی آنند کے ہمراہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کا معائنہ کیا۔

پرشانت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام کو بہترین حکمرانی فراہم کرنے کے مقصد سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 27 جون 2019 کو نئے انٹیگریٹیڈ سکریٹریٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ ہند۔ فارس فن تعمیر کے طرز پر انتہائی عصری تقاضوں سے لیس سکریٹریٹ کی نئی عمارت پر ہائی کورٹ کی عمارت کی طرح گنبد تعمیر کئے گئے‘ دو گنبدوں پر قومی نشان کی علامت والے شیرکے چہرے لگائے گئے۔

یہ جملہ 34 گنبد تعمیر کئے گئے اور سب سے اونچے 165 فٹ کے گنبد پر قومی نشان کی علامت لگائی گئی۔ ریڈی نے کہاکہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت میں پانی کی سربراہی کے لئے ہائیڈرونیومائک نظام نصب کیاگیا ہے۔ عمارت پر تعمیر کردہ اور اور ہیڈ ٹینک سے انتہائی ناگزیر حالات میں ہی پانی کا استعمال کیا جائے گا۔ برسات کے پانی کے ذخیرے کے لئے زیر زمین سمپ تعمیر کیاگیا ہے۔

برسات کے پانی کے ایک ایک قطرہ کو بھی ضائع ہونے سے بچانے پانی کو سیدھا سمپ میں پہنچانے کا انتظام کیاگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت میں دو بڑے فوارے لگائے گئے ہیں‘ یہ فوارے 28 فٹ اونچے اور 58 فٹ اراضی پر محیط ہیں جن کو ریڈ سانڈ اسٹون سے تعمیر کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ عمارت ہند‘ دکنی‘ کاکتیہ طرز تعمیر کا بے مثال نمونہ ہے۔ نظام آباد میں کاکتیہ دور میں تعمیر نیل کنٹیشور مندر اور ونپرتی کے راج پرساد کے طرز پر گنبدوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی۔ گنبدوں کی تعمیر کے دوران گجرات کے سلنگ پور ہنومان مندر کے طرز کو بھی اختیار کیاگیا۔

عمارت کی خوبصورتی میں اضافہ کے لئے راجستھان کے ڈھولپور سے خاص طور پر سنگ مرمر منگوایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ نئے سکریٹریٹ کو گرین کانسپٹ کے طرز پر تعمیر کیاگیا۔ عمارت میں ہر طرف سے ہوا کے لئے راستہ ہموار کیاگیا ہے۔ عمارت کے اطراف سبزہ کو فروغ دینے کے لئے بڑے پیمانے پر شجرکاری کی گئی ہے۔ گراونڈ فلور میں کتب خانہ تعمیر کیا جارہا ہے۔

تلگو تلی فلائی اوور کی طرف 2500 گز پر کینٹین‘ مندر اور بینک و اے ٹی ایم قائم کیا جارہا ہے۔ عمارت کے احاطہ میں ڈھائی ایکڑ اراضی پر 560 کاروں‘ 720 ٹووھیلرس‘ 400 بسوں کی پارکنگ کی سہولت میسر رہے گی۔ عام افراد اور سیاحوں کے لئے مزید ایک ایکر اراضی پر 300 کاروں کو پارک کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

پرشانت ریڈی نے مزید کہاکہ سکریٹریٹ کی چھٹویں منزل پر چیف منسٹر کا چیمبر رہے گا۔ ان کے ساتھ ساتھ سی ایم او کے عہدیداروں‘ عملہ‘ عوام سے ملاقات کے لئے ”جن ہیتا“ کے نام سے250 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش کا حامل کانفرنس ہال و دیگر چیمبرس تعمیر کئے گئے۔

وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ کابینہ اجلاس کے انعقاد کے لئے مزید ایک کانفرنس ہال تعمیر کیاگیا ہے۔ ضلع کلکٹرس کے ساتھ ملاقات اور اجلاس کے لئے بھی علٰحدہ ہال رہے گا۔ کم از کم 25 اہم افراد کے ساتھ ظہرانہ اور عشائیہ کے لئے ڈائننگ ہال تعمیر کیاگیا ہے۔ عمارت کے اطراف سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔

عمارت کے چاروں طرف بھاری لفٹس لگائے گئے‘ کسی بھی ناگہانی صورت میں جلد از جلد عمارت سے تخلیہ کو یقینی بنانے ضروری اقدامات کئے گئے‘ عصری جدید فائر سیفٹی آلات کی تنصیب بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

a3w
a3w