حیدرآباد

تلنگانہ کہر کی شدید لپیٹ میں

حیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت15ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔تمام شاہراہوں پر کہر کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے۔ کہر کے سبب راستہ بھی صاف دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کہر کی شدید لپیٹ میں ہے۔ریاست میں رات کے درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی ہے۔ضلع عادل آباد میں اقل ترین درجہ حرارت 11ڈگری سلسیس درج کیاگیا جبکہ ضلع میدک میں اقل ترین درجہ حرارت 12ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔

ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت15ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔تمام شاہراہوں پر کہر کی شدید لہر دیکھی جارہی ہے۔ کہر کے سبب راستہ بھی صاف دکھائی نہیں دے رہا ہے۔اضلاع بالخصوص متحدہ عادل آباد ضلع میں صبح کے اوقات میں کہر کی وجہ سے گاڑی سواروں کو مشکل صورتحال کا سامناکرناپڑرہا ہے۔

کئی گاڑی سوار اپنی گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کو کھولتے ہوئے گاڑی چلانے پر مجبور ہیں۔ملک کے شمالی حصوں سے آرہی سرد ہواوں کے نتیجہ میں تلنگانہ میں اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے مہینہ میں سردی کی لہر میں اضافہ کے پیش نظر چوکسی کی ضرورت ہے۔

سردی کی شدید لہر کے سبب صبح کے اوقات میں چہل قدمی کے لئے جانے والے افراد اور کسان اپنے معمول کے شیڈول کے برخلاف تاخیر سے اپنے کاموں اور سرگرمیوں کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ فٹ پاتھس پر سونے والے افرادکو بھی سردی کی وجہ سے کافی مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔