شمالی بھارت

پڑوسی ریاستوں کے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کاروائی کا انتباہ : اشوک گہلوٹ

چیف منسٹراشوک گہلوٹ نے کہاہے کہ پولیس پڑوسی ریاستوں کے افراد کے خلاف سخت کاروائی کرے گی جوراجستھان میں جرائم کاارتکاب کریں گے۔

جئے پور: چیف منسٹراشوک گہلوٹ نے کہاہے کہ پولیس پڑوسی ریاستوں کے افراد کے خلاف سخت کاروائی کرے گی جوراجستھان میں جرائم کاارتکاب کریں گے۔

گہلوٹ نے نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو کی کرائم ان انڈیا رپورٹ 2021کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ریاست کی امیج کومسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لازمی طورپر ایف آئی آر کے اندراج کی راجستھان کی پالیسی کے باوجود یہاں 2021 میں 2019کے مقابل 5 فیصد کم جرائم درج ہوئے۔

جبکہ دیگرریاستوں میں زیادہ تعدادمیں جرائم کی اطلاع دی گئی۔ جاریہ سال کے اوائل میں شائع کی گئی نیشنل کرائم رپورٹ بیوروکی رپورٹ کے مطابق راجستھان میں 2021 میں عصمت ریزی کے سب سے زیادہ واقعات پیش آئے جو2020کے مقابل 19 فیصد زیادہ ہیں۔

گہلوٹ نے جمعرات کی شب پولیس ہیڈکوارٹرس میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس میں نظم و ضبط کی صورتحال کاجائزہ لیا۔ اس میٹنگ کے دوران انہوں نے زوردے کر کہاکہ پڑوسی ریاستوں سے آنے والے اورراجستھان میں جرائم کاارتکاب کرنے والے غیرسماجی عناصرکے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

جیل سے جرائم کی ٹولیوں کوچلانے والے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھی موثر کنٹرول کیاجائے گا۔گہلوٹ نے ایک سرکاری بیان میں کہاکہ مجرموں کوقابل ستائش اندازمیں پیش کرنے والے غیرسماجی عناصر، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کودرہم برہم کرنے والوں اورسوشیل میڈیاپر افواہیں پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔

ریاست میں ابھئے کمانڈسنٹر کومضبوط بنایا جارہا ہے تاکہ جرائم پر قابو پایا جاسکے اور30ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کاکام جلد مکمل کرلیاجائے گا۔ گہلوٹ نے کہاکہ تقریباً تمام پولیس اسٹیشن میں ریسپشن مراکز قائم کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے8بجے شب کے بعد کھلی رہنے والی شراب کی دکانوں کے خلاف بھی سخت کاروائی کاانتباہ دیا۔