تلنگانہ: مڈ ڈے میل اسکیم، ملازمین کی تنخواہوں کیلئے فنڈس جاری
اسکول ایجوکیشن ڈائریکٹر نوین نیکولس نے ’کک کم ہلپرس‘ کے اعزازی مشاہرے کی ادائیگی کے لئے 44.73 کروڑ روپے کے بجٹ کے اجرا کے احکامات جاری کئے ہیں۔ یہ بجٹ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہانہ اضافی دو ہزار روپے اعزازی مشاہرہ کی ادائیگی کے لئے جاری کیا گیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں سرکاری اسکولوں میں نافذ مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے حکومت نے فنڈس جاری کر دیئے ہیں۔
اسکول ایجوکیشن ڈائریکٹر نوین نیکولس نے ’کک کم ہلپرس‘ کے اعزازی مشاہرے کی ادائیگی کے لئے 44.73 کروڑ روپے کے بجٹ کے اجرا کے احکامات جاری کئے ہیں۔ یہ بجٹ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہانہ اضافی دو ہزار روپے اعزازی مشاہرہ کی ادائیگی کے لئے جاری کیا گیا ہے۔
یہ رقم مالی سال 2025۔26 کی دوسری سہ ماہی، یعنی اگست 2025 تک کے عرصہ کے لئے جاری کی گئی ہے۔
ضلع تعلیمی عہدیداروں کی جانب سے بھیجی گئی اضافی بجٹ تجاویز کی بنیاد پر فینانس ڈپارٹمنٹ کی منظوری کے بعد یہ فنڈس جاری کئے گئے۔ ریاست بھر کے سرکاری اسکولوں میں مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت کام کرنے والے ملازمین کو راحت پہنچانے کے مقصد سے حکومت نے حال ہی میں بقیہ بلوں کی ادائیگی کے لئے فنڈس جاری کئے تھے۔
اسی کے حصہ کے طور پر 9ویں اور 10ویں جماعت کے طلبہ کے لئے کھانے کے اخراجات کی مد میں 28 کروڑ 43 لاکھ 76 ہزار روپے جاری کئے گئے۔ اسی طرح، پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لئے انڈے کے اخراجات سے متعلق بقیہ بلوں کی ادائیگی کے لیے 25 کروڑ 64 لاکھ 91 ہزار روپے کے فنڈس جاری کئے گئے۔
جملہ 44 کروڑ 73 لاکھ 7 ہزار روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ اس میں جنرل، ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے لیے الگ الگ رقوم مختص کی گئی ہیں۔ جنرل زمرہ میں ’کک کم ہلپرس‘ کے اعزازی مشاہرہ کے لئے 27 کروڑ 97 لاکھ 63 ہزار روپے، ایس سی زمرہ کے لئے 9 کروڑ 79 لاکھ 83 ہزار روپے اور ایس ٹی زمرہ کے لئے 6 کروڑ 95 لاکھ 71 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔
ریاستی حکومت نے تمام ضلع ڈی ای اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ یہ رقوم متعلقہ منڈل ایجوکیشن آفیسرس کو منتقل کریں اور مجاز ایجنسیوں کے ذریعہ ادائیگی یقینی بنائیں۔
ان ادائیگیوں کو صرف ٹریژری نظام کے ذریعہ انجام دینے اور حکومت کی ہدایات کے مطابق عمل درآمد کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں باورچی اور معاون عملہ کے لئے مختص رقم کی تفصیلات بھی محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔