جنوبی بھارت

ای ڈی کا نیا شکار بائیجو رویندرن | ٹیوشن ٹیچر جنہوں نے اپنی ہی طالبہ سے شادی کی، 27 ہزار کروڑ روپے کے مالک

بائیجو رویندرن کی بیوی دیویا گوکل ناتھ بائیجوز کمپنی چلانے میں ان کی مدد کرتی ہیں۔ جب وہ ٹیوٹر تھے تو وہ ان کی طالبات میں شامل تھیں۔

بنگلور: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے آج بائیجو رویندرن کے گھر اور دفتر کی تلاشی لی ہے۔ بائیجو رویندرن دنیا کے سب سے زیادہ قابل قدر ایجوٹیک اسٹارٹ اپ بائیجوز BYJU’s کے بانی اور سی ای او ہیں۔

مالیاتی جرائم کی تحقیقات کرنے والی ایجنسی (ای ڈی) نے کہا کہ بائیجو رویندرن نے غیر ملکی زرمبادلہ قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کی ہے۔ ای ڈی نے دھاوے اور تحقیقات کے دوران مجرمانہ دستاویزات اور ڈیجیٹل ڈیٹا قبضے میں لے لیا ہے۔

فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کے تحت ای ڈی نے بائیجوز کے دو دفاتر اور ایک رہائشی احاطے کی تلاشی لی۔

ایجنسی کے مطابق، کچھ لوگوں نے اس سلسلے میں شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد بائیجو رویندرن کو کئی مرتبہ سمن جاری کئے گئے تاہم وہ ایجنسی کے روبرو کبھی حاضر نہیں ہوئے جس کے بعد ان کے آفس اور گھر پر دھاوے کرنے پڑے۔

ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ ایڈ ٹیک پلیٹ فارم (بائیجوز) کی بنیادی کمپنی نے 2011 اور 2023 کے درمیان 28000 کروڑ روپے کا ایف ڈی آئی حاصل کیا تھا۔ یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ کمپنی نے تقریباً 9,754 کروڑ روپے کئی بیرونی ممالک کو بھیجے ہیں۔

بائیجو رویندرن کون ہے؟

بائیجو رویندرن ایک ریاضی کے ٹیوٹر ہیں جنہوں نے 2011 میں اپنی بیوی دیویا گوکل ناتھ کے ساتھ کمپنی کا آغاز کیا۔

وہ اپنے بھائی کے ساتھ کمپنی کا بڑا حصہ رکھتے ہیں۔ ان کے بھائی کا نام ریجو رویندرن ہے اور ان کی مجموعی مالیت 26700 کروڑ روپے (فوربس ڈیٹا) بتائی جاتی ہے۔

کمپنی کی قیمت 22 بلین ڈالر ہے جو کہ ایک لاکھ 89 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ تاہم انہوں نے 2021 میں کمپنی کو 573 ملین ڈالر کا نقصان بتایا تھا۔

بائیجو رویندرن کی بیوی دیویا گوکل ناتھ بائیجوز کمپنی چلانے میں ان کی مدد کرتی ہیں۔ جب وہ ٹیوٹر تھے تو وہ ان کی طالبات میں شامل تھیں۔

بائیجو رویندر ابتداء میں ایک پرائیویٹ ٹیوٹر کے طور پر کام کرتے تھے۔ بائیجو اور ان کے خاندان کے پاس کمپنی کا تقریباً 25 فیصد حصہ ہے۔

کمپنی فی الحال سرمایہ کی قلت کا شکار ہے اور بڑے پیمانے پر نقصانات کی اطلاع بھی دے رہی ہے۔ ان کے 150 ملین سے زیادہ صارفین ہیں۔

بائیجو رویندرن کا تعلق کیرالہ سے ہے۔ ان کے والدین استاد تھے۔ انہوں نے اپنی انجینئرنگ، گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ کنور سے مکمل کی تھی۔ اس کے بعد دو مرتبہ CAT کامیابی کے ساتھ کلئیر کیا تھا۔2007  میں انہوں نے نوکری چھوڑ دی اور CAT طلبا کے لئے ایک کوچنگ سنٹر شروع کیا۔

کیاٹ کی ایک کلاس میں ان کی ملاقات دیویا گوکل ناتھ سے ہوئی۔ بعد میں دونوں کی شادی ہوگئی۔ 2021 میں کمپنی نے آکاش کو ایک بلین ڈالر میں خرید لیا۔ (آکاش بھی ایک ٹیوشن اکیڈیمی ہے)۔

دیویا گوکل ناتھ 1997 میں پیدا ہوئیں، وہ کمپنی کی ایک شریک بانی ہیں اور ملک کی امیر ترین خواتین میں سے ایک ہیں۔ وہ 1987 میں بنگلورو میں پیدا ہوئیں، ان کے والد میڈیکل ڈاکٹر ہیں۔

دیویا نے بائیو ٹیکنالوجی میں بیچلر آف ٹیکنالوجی کے ساتھ گریجویشن کیا تھا۔ وہ ایک ٹیچر بھی ہیں اور کمپنی کی ڈائریکٹر ہیں۔