تلنگانہ: مارکٹ میں کئی مشہور برانڈس کے نقلی انجن آئل کی فروخت
اگر گاڑی اچھی حالت میں ہو تو بہتر مائلیج کے ساتھ کم پٹرول یا ڈیزل خرچ کرتے ہوئے محفوظ طریقہ سے منزل تک پہنچا جا سکتا ہے۔ گاڑی کو اچھی حالت میں رکھنے کے لئے انجن آئل کو وقتاً فوقتاً تبدیل کرنا ضروری ہے۔
تلنگانہ: آج کل زیادہ تر لوگ اپنی ذاتی گاڑیوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ کورونا کے بعد ان کا استعمال اور بھی بڑھ گیا ہے۔ چاہے کسی کام کے سلسلہ میں باہر جانا ہو یا کسی دوسرے علاقہ کا سفر کرنا ہو، سب سے پہلے ذہن میں آتا ہے گھر کے سامنے کھڑی بائیک یا کار۔
اگر گاڑی اچھی حالت میں ہو تو بہتر مائلیج کے ساتھ کم پٹرول یا ڈیزل خرچ کرتے ہوئے محفوظ طریقہ سے منزل تک پہنچا جا سکتا ہے۔ گاڑی کو اچھی حالت میں رکھنے کے لئے انجن آئل کو وقتاً فوقتاً تبدیل کرنا ضروری ہے۔
مارکٹ میں کئی مشہور برانڈس کے انجن آئل دستیاب ہیں لیکن حالیہ دنوں میں مشہور برانڈس کے نام سے نقلی انجن آئل مارکٹ میں فروخت ہو رہے ہیں۔ دھوکہ باز اصل برانڈ کے لیبل چسپاں کرکے انہیں بیچ رہے ہیں۔ اس طرح کے دھوکہ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
حیدرآباد میں اب تقریباً ہر گھر میں بائیک اور ہر دس میں سے 6کے پاس کاریں ہیں۔ ان گاڑیوں میں کسی قسم کی خرابی نہ آئے اس کے لئے باقاعدہ سروس کروانا ضروری ہے۔ معیاری انجن آئل استعمال کرنا اور اسے وقت پر تبدیل کرنا ضروری ہے لیکن اب نقلی انجن آئل بھی فروخت ہو رہے ہیں۔
لوگ کم قیمت میں برانڈڈ لیبل والی نقلی بوتلیں خرید کر دھوکا کھا رہے ہیں۔ آٹوموبائل ماہرین کا کہنا ہے کہ تھوڑی سی احتیاط برت کر جعلی آئل کو پہچانا جا سکتا ہے اور نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔
جعلی انجن آئل کی شناخت کے اہم اشارے:
پیکنگ اور سیلنگ میں فرق پایا جاتا ہے۔ غیر واضح حروف یا ناقص پرنٹنگ والے لیبل ہوتے ہیں۔ برانڈ ہولوگرام، کیوآرکوڈ اور سیل کی جانچ کریں۔ قیمت عام طور پر بہت کم رکھی جاتی ہے۔ اگر رنگ ہلکا یا کیمیکل جیسی تیز بدبو آئے تو یہ نقلی ہو سکتا ہے۔ اگر بوتل پر کمپنی کا پتہ یا تفصیل نہ ہو تو شبہ کرنا چاہیے۔
نقلی انجن آئل کے نقصانات:
انجن میں زیادہ رگڑ پیدا ہوتی ہے اور اندرونی پرزے جلد گھس جاتے ہیں۔ بیرنگ میں مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انجن کی عمر کم ہو جاتی ہے۔
مرمت اور دیکھ بھال کا خرچ بڑھ جاتا ہے۔ پٹرول یا ڈیزل زیادہ خرچ ہوتا ہے اور مائلیج کم ہو جاتی ہے۔
ماہرین کی ہدایت:
انجن آئل ہمیشہ قابلِ بھروسہ افراد یا مجاز ڈیلرس سے ہی خریدیں۔ صرف کم قیمت دیکھ کر نقلی تیل خریدنے سے گاڑی کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ اس طرح کا آئیل استعمال کرنے سے انجن جلد گرم ہو جاتا ہے جس سے آگ لگنے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔