تلنگانہ: شراب کے لئے رقم نہ دینے پر بیٹے نے مارپیٹ کر ماں کو ہلاک کردیا
راجو کے مسلسل ظلم سے تنگ آ کر اس کی بیوی بچوں کو لے کر اپنے میکے چلی گئی۔ بیوی کے چلے جانے کے بعد، راجو کا غصہ اور چڑچڑاپن اس کی ماں وینکٹما پر نکلنے لگا۔ وہ روزانہ نشے میں آ کر اپنی ماں کو گالیاں دیتا اور مار پیٹ کرتا۔ ماں اپنے بیٹے کے ہاتھوں یہ اذیت برداشت کرتی رہی۔
حیدرآباد: شراب کی بڑھتی ہوئی لعنت ملک بھر میں لاتعداد خاندانوں کو تباہ کر رہی ہے اور بڑے پیمانہ پر جرائم اور گھریلو تشدد کے واقعات کا باعث بن رہی ہے۔ تلنگانہ کے ورنگل ضلع میں اس لعنت کی وجہ سے ایک پورا خاندان بکھر گیا۔
شراب کے نشہ میں دھت نوجوان اپنا مستقبل تباہ کر رہے ہیں اور اپنے ہی خونی رشتوں کو توڑ رہے ہیں۔ورنگل میں ایک ایسے ہی افسوسناک واقعہ میں، بیٹے نے ماں کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔
ورنگل کے کاسی بگا علاقہ کی رہائشی کے وینکٹما ں کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں تھیں۔ شوہر کی دس سال قبل موت کے بعد وینکٹما نے اپنے بچوں کی پرورش کی اور سب کی شادی کی۔ ان کا بڑا بیٹا، راجو، آٹو چلاتا تھا۔ راجو نے شراب پینا شروع کیا، جو آہستہ آہستہ ایک سنگین لعنت میں بدل گیا۔ وہ روزانہ نشے میں دھت گھر آتا اور اپنی بیوی بچوں کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔
راجو کے مسلسل ظلم سے تنگ آ کر اس کی بیوی بچوں کو لے کر اپنے میکے چلی گئی۔ بیوی کے چلے جانے کے بعد، راجو کا غصہ اور چڑچڑاپن اس کی ماں وینکٹما پر نکلنے لگا۔ وہ روزانہ نشے میں آ کر اپنی ماں کو گالیاں دیتا اور مار پیٹ کرتا۔ ماں اپنے بیٹے کے ہاتھوں یہ اذیت برداشت کرتی رہی۔
حال ہی میں، پڑوسیوں نے وینکٹما کو گھر کے کنویں کے قریب زخموں کی حالت میں بے حس و حرکت پڑا دیکھا۔ انہوں نے فوری طور پر ان کے چھوٹے بیٹے کو اطلاع دی، لیکن اسپتال لے جاتے ہوئے وینکٹما کی موت ہوگئی۔ چھوٹے بیٹے نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ اس کے بھائی راجو نے ہی اپنی ماں کو مار کر ہلاک کیا ہے۔
انتظار گنج پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا خیال ہے کہ وینکٹما کی موت شراب کے لئے رقم مانگنے پر ہوئے جھگڑے کے نتیجہ میں ہوئی۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ راجو شراب کا عادی تھا اور اپنی ماں کو اکثر مارتا پیٹتا تھا۔ پولیس کے مطابق، ”چند روز قبل بھی اس نے وینکٹما کو شدید مارا تھا، جس سے اس کی بائیں آنکھ کے قریب زخم آئے تھے۔ پولیس نے کہاکہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ کل رات بھی اس نے بری طرح مارا، اور انہی زخموں کی وجہ سے خاتون کی موت ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ کہ راجو فرار ہے، جسے جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔