تلنگانہ

تلگو این آر آئیز، تلنگانہ کی ترقی میں شراکت دار بنیں: ریونت ریڈی

تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں مقیم تلگو عوام پر زور دیا کہ وہ ریاست کی ترقی میں شراکت دار بنیں اور ریاست میں سرمایہ کاری کو ترغیب دینے میں حکومت کی کاوشوں میں تعاون کریں۔

حیدر آباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں مقیم تلگو عوام پر زور دیا کہ وہ ریاست کی ترقی میں شراکت دار بنیں اور ریاست میں سرمایہ کاری کو ترغیب دینے میں حکومت کی کاوشوں میں تعاون کریں۔

متعلقہ خبریں
حیدرآباد میں کار ٹسٹنگ سنٹر قائم کرنے ہینڈائی موٹر انڈیا کا فیصلہ
بائیو ڈیزائن سنٹر، تلنگانہ کے ساتھ شراکت داری کا خواہش مند
آنند مہندرا، اسکل یونیورسٹی کے چیرپرسن ہوں گے
تلنگانہ فرسٹ، چیف منسٹر کے دورہ پر کے ٹی آر کی نیک تمنائیں
سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کو چیف منسٹر کا خراج

چیف منسٹر ریونت ریڈی جو امریکہ کے ودرہ پر ہیں، نیوجرسی میں تلگو این آر آئی کے ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ یہاں دفتر سی ایم او کے مطابق نیوجرسی میں تلگو این آر آئیز نے بھاری ریالی کی شکل میں چیف منسٹر کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ ریونت ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ مستقبل کی درکار ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور تیز رفتار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت ایک جامع نئی صنعتی پالیسی کے ساتھ سامنے آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت‘ فنڈس کو متحرک کرتے ہوئے روزگار اور مہارتوں کو فروغ دینے پر بھر پور توجہ مرکوز کرے گی۔ این آر آئیز کی تعریف کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تلگو عوام نے اپنی مہارت اور قابلیت کے ذریعہ امریکہ کو ایک طاقتور اور دولت مند ملک بنانے میں اپنا کلیدی حصہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے این آر آئیز پر زور دیا کہ اب آپ‘ تلنگانہ کی ترقی میں بھی بھر پور شراکت دار بنیں۔ حکومت نے سرمایہ کاری کو پرکشش بنانے کے لئے خصوصی میکانزم کی تخلیق کی ہے جس کے حصہ کے طور پر تلنگانہ کو میٹرو کور اربن، سیمی اربن اور رورل کلسٹر میں تقسیم کیا گیا ہے۔ امریکہ کے ایسٹ کوٹ میں ہندوستانی برداری کے افراد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت‘ حیدر آباد کے قریب چوتھا شہر آباد کرے گی جو مستقبل کا شہر ہوگا۔

ریونت ریڈی نے اعادہ کیا کہ انہو ں نے گزشتہ سال بحیثیت صدر ٹی پی سی سی امریکہ کا دورہ کیا تھا تب میں نے کہا تھا کہ تلنگانہ کو 10 سالہ غلط حکمرانی اور تباہی سے نجات دلانے اور کانگریس کو اقتدار پر لانے کے بعد دوبارہ امریکہ آؤں گا۔ وہ اپنے وعدہ کو پورا کرچکے ہیں اور وہ دوبارہ امریکہ آئے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان کی حکومت عوام سے کئے گئے ہر ایک وعدہ کو پورا کرے گی۔

کسانوں‘ خواتین اور نوجوانوں کی بہبود کے لئے حکومت نے پہلے ہی کئی قدم اُٹھائے ہیں۔ حکومت کسانوں کے 2 لاکھ روپے قرض معافی، رعیتو بھروسہ ان پٹ سبسیڈی، بیروزگاروں کے لئے نوکریاں، بسوں میں خواتین کو سفر کی مفت سہولت، 500 روپے میں گیس سلنڈر کی سربراہی جیسی اسکیمات کو روبعمل لارہی ہے۔

حکومت‘ اساتذہ کے تبادلوں کو یقینی بنایا ہے اور سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے ہیں۔ سی ایم او کے مطابق این آر آئیز نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ستائش کی۔

انہوں نے حیدر آباد کی ترقی کے لئے کی جانے والی کاوشوں اور اس کے منصوبوں کی ستائش کی۔ ان این آر آئیز نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔

a3w
a3w