حیدرآباد

حیدرآباد میں شاعرِ مشرق علامہ اقبالؒ کی 148ویں یومِ پیدائش تقاریب کے ساتھ منائی گئی

اس موقع پر منعقدہ تقریب کی صدارت تحریک مسلم شبان کے صدر محمد مشتاق ملک نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبالؒ فکری خودمختاری، عزتِ نفس اور قومی وقار کے علمبردار تھے جن کا پیغام آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

حیدرآباد: شاعرِ مشرق، مفکرِ اسلام اور عظیم فلسفی علامہ محمد اقبالؒ کی 148ویں یومِ پیدائش کے موقع پر تلنگانہ اسٹیٹ ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر سیکریٹریٹ کے قریب واقع اقبال مینار، خیرت آباد میں ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ممتاز سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کرتے ہوئے علامہ اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ خبریں
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
عالمی یومِ معذورین کے موقع پر معذور بچوں کے لیے تلنگانہ حکومت کی مفت سہولتوں کا اعتراف مولانا مفتی صابر پاشاہ
تحفظِ اوقاف ہر مسلمان کا مذہبی و سماجی فریضہ: ڈاکٹر فہمیدہ بیگم
محکمہ تعلیم کے سبکدوش اساتذہ کو شاندار اعزاز، ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
دعا اللہ کی قربت کا دروازہ، مومن کا ہتھیار ہے: مولانا صابر پاشاہ قادری

اس موقع پر منعقدہ تقریب کی صدارت تحریک مسلم شبان کے صدر محمد مشتاق ملک نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبالؒ فکری خودمختاری، عزتِ نفس اور قومی وقار کے علمبردار تھے جن کا پیغام آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

تقریب میں ایم پی جے کے صدر محمد عبدالعزیز اور سابق رکنِ پارلیمنٹ سید عزیز پاشاہ نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے علامہ اقبالؒ کی شاعری، فلسفہ اور ملتِ اسلامیہ کے لیے ان کی فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، اتحاد اور بیداری کی روح پھونکی۔

محمد مشتاق ملک نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا کلام آج بھی اتحاد و یگانگت اور حب الوطنی کے جذبات کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے "سارے جہاں سے اچھا” کو عزم و استقلال اور قومی غیرت کی علامت قرار دیا اور کہا کہ شکوہ اور جوابِ شکوہ اقبالؒ کی فکری گہرائی اور تہذیبی وقار کی بہترین مثالیں ہیں۔

تقریب کے دوران انجمن ہائی اسکول، مشیرباد کے طلبہ نے علامہ اقبالؒ کا مشہور ترانہ "سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا، ہم بلبلیں ہیں اس کی، یہ گلستاں ہمارا” پیش کیا، جس پر شرکاء نے زبردست داد دی۔

واضح رہے کہ اقبال مینار کو علامہ اقبالؒ کی یاد میں 21 اپریل 1988ء کو اُس وقت کے وزیراعلیٰ این۔ ٹی۔ راماراؤ نے شاعرِ مشرقؒ کی پچاسویں برسی کے موقع پر افتتاح کیا تھا۔