ملک کو محوخواب نہیں چوکس چوکیدار کی ضرورت: کویتا
کویتا نے کہا کہ بی آر ایس کے قیام کے بعد ملک گیر سطح پر مباحث شروع ہوگئے ہیں۔ ہم ملک میں کئی انقلابی تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں۔ ہر کام غریبوں کی فلاح وبہبود کے لئے کیا جائے گا۔

حیدرآباد: بی آر ایس رکن کونسل کے کویتا نے کہا کہ بینک کے قرض داروں نے چوکیدار کے ستے رہنے کا فائدہ اٹھاکر کروڑہا روپے لوٹ لئے۔ آج نظام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے این ڈ ی اے حکومت کو موافق کارپوریٹ اور مخالف کسان قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی جو خود کو چوکیدار قرار دیتی ہے۔
اُس وقت سو رہی تھی جب نادہند گان بینک سے عوامی دولت لوٹ کر ملک سے فرار ہورہے تھے۔ گزشتہ دنوں راجیہ سبھا میں دئیے گئے جواب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس میں بتایا گیا کہ کارپوریٹ اداروں کے 19,40,000 کروڑ روپے مالیتی قرض معاف کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کو اپنے چوکیداروں کی ضرورت نہیں ہے جو سوجاتے ہیں۔ ہم کو ذمہ دار چوکیدار وں (قائدین) کی ضرورت ہے۔ انہوں نے این ڈی اے حکومت سے خواہش کی کہ اگر وہ سنجیدہ ہے تو تمام لٹیروں کو واپس ملک لاکر ان سے رقومات کی باز یابی کرے۔
کویتا نے کہا کہ کسانوں پر بوجھ ڈالنا، غریب عوام کو ہراساں کرنا، دودھ اور دیہی پر ٹیکس لگانا حکمرانی کا طریقہ نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے روزگار ضامن فنڈس کے غلط الزام میں نوٹس کی اجرائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کویتا نے کہاکہ جمعہ کے دن مرکز کے رویہ کے خلاف دھرنا منظم کیا جائے گا۔
کویتا نے کہا کہ بی آر ایس کے قیام کے بعد ملک گیر سطح پر مباحث شروع ہوگئے ہیں۔ ہم ملک میں کئی انقلابی تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں۔ ہر کام غریبوں کی فلاح وبہبود کے لئے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد کو خوبصورت ترقیاتہ شہر میں تبدیل کیا جائے گا۔
شہر میں پرانی مخدوش عمارتوں کو منہدم کرتے ہوئے نئی عمارتیں تعمیر کی جائے گی۔ قدیم بس اسٹیشن کو منہدم کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کے قریب نیا بس اسٹیشن تعمیر کیا جائے گا۔ قدیم کلکٹریٹ کی جگہ کلا بھارتی، مسلمانوں کیلئے حج ہاوز تعمیر کیا جائے گا۔ شہر کے مختلف مقامات پر ویج وناویج مارکٹس تعمیر کئے جائیں گے۔