شمالی بھارت

گیان واپی مسجد کے وضوخانہ میں کئی مچھلیوں کی موت

اترپردیش میں وارانسی کی گیان واپی مسجد کو چلانے والی انجمن انتظامیہ مساجد نے ضلع مجسٹریٹ(کلکٹر) کو مکتوب بھیج کر اطلاع دی ہے کہ وضو خانہ میں زیادہ تر مچھلیاں مرگئی ہیں۔

وارانسی: اترپردیش میں وارانسی کی گیان واپی مسجد کو چلانے والی انجمن انتظامیہ مساجد نے ضلع مجسٹریٹ(کلکٹر) کو مکتوب بھیج کر اطلاع دی ہے کہ وضو خانہ میں زیادہ تر مچھلیاں مرگئی ہیں۔

متعلقہ خبریں
مسالخ، گوشت اور مچھلی کی دکانات 22جنوری کو بند رکھنے کی اپیل
40وکلاء کے خلاف ”جھوٹا کیس“ درج کرنے پر پولیس عہدیدار معطل
ہندو لوگ صرف 3 مقامات مانگ رہے ہیں:یوگی
اب گیان واپی مسجدکے وضوخانہ کے سروے کا مطالبہ
گیان واپی مسجد وضو خانہ کا سروےجج سماعت سے علیحدہ

مقامی عدالت کے حکم پر مئی 2022 میں مسجد کے وضو خانہ کو سیل(مہربند) کیا گیا تھا۔ جوائنٹ سکریٹری انجمن انتظامیہ مساجد ایس ایم یٰسین نے بتایا کہ مہربندی کے وقت وضوخانہ میں ڈھیر ساری مچھلیاں تھیں۔ ان میں بیشتر مرچکی ہیں۔ بدبو پھیل گئی ہے۔

مفتی بنارس و سکریٹری انجمن انتظامیہ مساجد اے بی نعمانی کے تحریر کردہ مکتوب کے بموجب وضوخانہ مہربند ہونے کی وجہ سے نہ تو حوض کو صاف کیا جاسکا اور نہ ہی اس کا پانی نکالا گیا جس کے نتیجہ میں زیادہ تر مچھلیاں مرگئیں۔ بدبو پھیل گئی ہے جس سے امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔

اگر بیماریاں پھیلیں تو اس کی زد میں وہاں تعینات سی آر پی ایف جوانوں‘ نمازیوں کے علاوہ وشواناتھ مندر آنے والے لوگ بھی آئیں گے۔ وضوخانہ کی مہربندی کے وقت ضلع انتظامیہ کو بتادیا گیا تھا کہ حوض میں مچھلیاں ہیں۔

انہیں یہ بھی جانکاری دے دی گئی تھی کہ انجمن انتظامیہ مساجد ان مچھلیوں کی دیکھ بھال کرتی ہے‘ حوض کی صفائی بھی کی جاتی ہے اور تازہ پانی بھرا جاتا ہے جو مہربندی کے بعد ممکن نہیں ہوگا۔

اس کے باوجود مچھلیوں کے لئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ ایس ایم یٰسین نے کہا کہ انجمن نے ضلع کلکٹر سے گزارش کی ہے کہ حوض کی صفائی کرائی جائے اور گندہ پانی نکال دیا جائے۔ ضلع مجسٹریٹ وارانسی ایس راج لنگم نے کہا کہ انتظامیہ کچھ بھی نہیں کرسکتا کیونکہ وضوخانہ عدالت کے حکم پر مہربندہے۔

a3w
a3w