ویڈیو: عثمان ساگر کے کرسٹ گیٹ سے اژدھے کو بچالیاگیا
حیدرآباد میں اتوار کی دوپہر عثمان ساگر کے گیٹ سے ایک ڈرامائی بچاو آپریشن میں 8فٹ کے اژدھے کو بچایا گیا۔

حیدرآباد (یواین آئی) حیدرآباد میں اتوار کی دوپہر عثمان ساگر کے گیٹ سے ایک ڈرامائی بچاو آپریشن میں 8فٹ کے اژدھے کو بچایا گیا۔
تقریباً 20 کلو گرام وزنی اس اژدھے کو واٹربورڈکے عملے نے دیکھا جس نے فوری طور پر شہر میں قائم سانپوں کو بچانے والی تنظیم فرینڈز آف اسنیکس سوسائٹی کواس بات کی اطلاع دی۔
بعدازاں سوسائٹی کے رکن ورا پرساد وہاں پہنچ گئے جنہوں نے اژدھے کو کرسٹ گیٹ پر الجھا ہوا پایا، ورا پرساد نے رسی کی مدد سے گیٹ پر اترنے میں کامیابی حاصل کی۔جب انہوں نے اژدھے کو اوپر لانے کی کوشش کی تو وہ مزید الجھ گیا اور اس کے ہاتھ کے گرد لپیٹ گیا۔
اس کی ٹیم کے ارکان نے ورا پرساد کو اوپر کھینچ لیا، اسے اور اژدھے دونوں کو بحفاظت اوپر لانے کا انتظام کیا۔سوسائٹی کے ایک رکن نے کہااژدھے کے وزن کی وجہ سے یہ ایک پرخطر آپریشن تھا، لیکن ہمارے پاس تیزی سے کام کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
اس اژدھے کو بچانے کے بعد اسے بحفاظت نہرو زوپارک کے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔بعد ازاں اس کو جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔ اس جرات مندانہ آپریشن کی تمام نے ستائش کی۔