بین الاقوامی

آبنائے ہرمز پر کنٹرول کیلئے لڑائی جاری۔ ایران پر مسلسل بارہویں رات بھی بمباری

ایران نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمزتمام ممالک کے لئے کھلی آبی گزرگاہ ہے تاہم وہ اس سے گزرنے والے جہازوں سے فیس وصول کرنے کا حق رکھتا ہے۔ ایران پر امریکی حملوں کے بعد امریکہ نے آبنائے ہرمز کے اطراف سخت نگرانی اور بحری ناکہ بندی کردی ہے جبکہ ایران بھر میں فضائی حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

قاہرہ (اے پی) ایران نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمزتمام ممالک کے لئے کھلی آبی گزرگاہ ہے تاہم وہ اس سے گزرنے والے جہازوں سے فیس وصول کرنے کا حق رکھتا ہے۔ ایران پر امریکی حملوں کے بعد امریکہ نے آبنائے ہرمز کے اطراف سخت نگرانی اور بحری ناکہ بندی کردی ہے جبکہ ایران بھر میں فضائی حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ امریکی افواج جلد ہی پہاڑ کے اندر تعمیر ہونے والی ایرانی جوہری تنصیب کو بھی نشانہ بناسکتی ہیں۔ دوسری جانب ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی باغیوں نے جمعرات کے روز بتایاکہ انہوں نے بحراحمر میں 2 سعودی آئیل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ امریکی فوج نے مسلسل بارہویں رات ایران پر حملے جاری رکھے ہیں۔

دونوں ملک اہم آبی گزرگاہوں پر کنٹرول کے لئے ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔ حوثی باغیوں نے انتباہ دیا ہے کہ بحراحمر میں نیا جنگی محاذ کھول دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ خلیج میں تعطل گہرا ہوتا جارہا ہے اور جنگ کے خاتمہ کے لئے سفارتی کوششوں میں کوئی پیشرفت کی علامات نظر نہیں آرہی ہیں۔

امریکی سنٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ اس کے حملوں کا مقصد بحری جہازوں اور تجارتی کشتیوں کو آبنائے ہرمز میں نشانہ بنانے ایران کی صلاحیت کو کم کرنا ہے۔ امریکہ آبنائے ہرمز پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا اور بین الاقوامی جہاز رانی کو بحال کرنا چاہتا ہے۔

حوثیوں نے اپنی خبررساں ایجنسی صبا کے ذریعہ جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے بحراحمر میں 2 آئیل ٹینکروں این سیلیا اور لیلیٰ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجہ میں دونوں جہازوں میں آگ لگ گئی۔

جاریہ ہفتہ کے اوائل میں باب المندب کے ذریعہ سعودی جہازو ں کو روکنے کے ان کے اعلان کے بعد یہ جہاز پر پہلا حملہ ہے۔ حال ہی میں یمن کے دارالحکومت صنعا میں جو باغیوں کے قبضہ میں ہے‘ بین الاقوامی ایرپورٹ پر حملہ کے جواب میں ان جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔ باب المندب جزیرہ نما عرب کے جنوبی سرے پر واقع ہے اور ایک اہم آبی گزرگاہ ہے جو بحراحمر کو خلیج ِ عدن سے جوڑتی ہے۔