پرکاش امبیڈکر نے مہاوکاس اگاڑی کے ساتھ اپنے تعلقات عملاً منقطع کرلیے
اپوزیشن کو جھٹکہ دیتے ہوئے ونچت بہوجن اگھاڑی(وی بی اے) کے صدر پرکاش امبیڈکر نے مہاوکاس اگاڑی (ایم وی اے) کے ساتھ اپنے تعلقات عملاً منقطع کرلیے اور شیوبا سنگٹھن کے لیڈر منوج جرنگے پاٹل کے ساتھ مل کر مراٹھا طبقہ کے ساتھ نیا محاذ قائم کرتے ہوئے 8لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔
ممبئی: اپوزیشن کو جھٹکہ دیتے ہوئے ونچت بہوجن اگھاڑی(وی بی اے) کے صدر پرکاش امبیڈکر نے مہاوکاس اگاڑی (ایم وی اے) کے ساتھ اپنے تعلقات عملاً منقطع کرلیے اور شیوبا سنگٹھن کے لیڈر منوج جرنگے پاٹل کے ساتھ مل کر مراٹھا طبقہ کے ساتھ نیا محاذ قائم کرتے ہوئے 8لوک سبھا امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔
ساتھ ہی امبیڈکر نے کہا کہ وی بی اے ریاست میں کانگریس کے بعض امیدواروں کی حمایت کرے گی جس سے ایم وی اے کو قدرے راحت ملی۔
وی بی اے نے جن امیدواروں کا اعلان کیا، ان میں پرکاش وائی امبیڈکر (اکولہ)، سنجے جی کیواٹ (بھنڈارا گونڈیا)، ہتیش پی مادوی(گڈچرولی۔ چمور)، راجیش ڈبلیو بیلے (چندراپور)، وسنت آر ماگر (بلڈھانہ)، پرجاکتا ٹی پلیوان (امراوتی)، پروفیسر راجندر سالونکے (وردھا)، کھیم سنگھ پی پوار (ایوت محل۔ واشیم) شامل ہیں جبکہ رام ٹیک کے لیے امیدوارکا اعلان چہارشنبہ کو کیا جائے گا۔
امبیڈکر نے کہا کہ وی بی اے ناگپور میں مرکزی وزیر نتن گڈکری کے خلاف کانگریس امیدوار وکاس ٹھاکرے کی حمایت کرے گی جبکہ سانگلی میں او بی سی بہوجن پارٹی کے امیدوار کی تائید کرے گی۔
وی بی اے کے صدر نے مزید کہا کہ انہوں نے منگل کو جرنگے پاٹل سے تفصیلی بات چیت کی اور او بی سی اور مسلم امیدواروں کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جنہیں دیگر بڑی پارٹیاں ٹکٹ نہیں دے رہی ہیں۔
وی بی اے کے اعلیٰ قائدین جیسے ریاستی صدر ریکھا ٹھاکر، نائب صدر سدھارتھ موکلے ڈی پنڈکر، فاروق احمد، اروندھتی سیرست، اشوک سونونے اور دیگر کے ساتھ موجود امبیڈکر نے کہا کہ ”تبدیلی کی سیاست شروع کرنے‘’جرنگے پاٹل کے ساتھ نیا محاذ قائم کیا جائے گا اور اس کے تحت صاف ستھری شبیہہہ کے حامل غریب اور پسماندہ طبقات کے زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو کھڑا کیا جائے گا۔
نیا محاذ غرباء، حاشیہ بردار، پست مراٹھوں او رمسلمانوں سے لوک سبھا امیدواروں کی مکمل ”شمولیاتی“ فہرست کا 2/ اپریل کو اعلان کرے گا جنہیں عوام کی حمایت حاصل ہوگی۔ وی بی اے نے یہ اعلان‘ کانگریس، شیوسینا (یو بی ٹی) اور این سی پی کی اپیلوں اور ایم وی اے کے ساتھ کے لیے اسے4-6سیٹوں کی پیشکش کے درمیان کیا۔