معشوقہ کے افراد خاندان کے حملہ میں عاشق ہلاک
لڑکی کے والدین نے اس نوجوان کو ڈانٹا اور اس کے گھر نہ آنے کی تاکید کی تاہم کل شب لڑکا، اپنی معشوقہ سے ملاقات کے لئے اس کے گھر پہنچا۔
حیدرآباد: معشوقہ کے گھر پہنچے پر عاشق کو اس کے برہم ارکان خاندان نے حملہ کرتے ہوئے ہلاک کردیا۔یہ واردات تلنگانہ کے میڑچل ملکاجگری ضلع کے پوچارم آئی ٹی کاریڈار میں پیش آئی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 9افراد کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق علاقہ کی ایک کالونی میں 18سالہ نوجوان اور ایک 15سالہ لڑکی کچھ عرصہ سے ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔
اس بات کی اطلاع پر لڑکی کے والدین نے اس نوجوان کو ڈانٹا اور اس کے گھر نہ آنے کی تاکید کی تاہم کل شب لڑکا، اپنی معشوقہ سے ملاقات کے لئے اس کے گھر پہنچا۔اس کو پڑوسیوں نے دیکھ لیا اور لڑکی کے والدین کو فون کرکے اس بات کی اطلاع دی جو گھر میں موجود نہیں تھے۔
اس بات کی اطلاع پاکروہ گھر واپس ہوئے اوراس کی بُری طرح پٹائی کردی۔انہوں نے لڑکے کے جسم کے نازک حصوں کو بھی نشانہ بناتے ہوئے اس پر مرچ ڈال دی۔
تقریبا ایک گھنٹہ تک زدوکوبی کے نتیجہ میں لڑکے کی موقع پرہی موت ہوگئی۔اس بات کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی جس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا اور شواہد جمع کئے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے حملہ میں ملوث 9افراد کوگرفتار کرلیا۔