حماس کے نئے سربراہ کا نام خفیہ رکھا جائے گا
اسرائیلی فورسس کے ہاتھوں جاریہ ہفتہ یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد 5امیدوار حماس کا اگلا پولیٹ بیورو چیف بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
یروشلم (آئی اے این ایس) اسرائیلی فورسس کے ہاتھوں جاریہ ہفتہ یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد 5امیدوار حماس کا اگلا پولیٹ بیورو چیف بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
عرب دنیا کے ایک اخبار نے فلسطینی گروپ کے ذرائع کے حوالہ سے اتوار کے دن یہ اطلاع دی۔ عربی روزنامہ الشرق الاوسط نے اطلاع دی کہ تنظیم کے اندر فی الحال بات چیت جاری ہے۔ حماس کو درپیش سیکوریٹی خطرات کے مدنظر اگلے سربراہ کا نام خفیہ رکھنے کے حق میں رائے بن رہی ہے۔
اخبار کے بموجب حماس کی شوریٰ کونسل کے سربراہ محمد درویش اور پولیٹ بیورو کے 3 ارکان خلیل الحیہ، محمد نازل اور خالد مشل، سنور کی جانشینی کی دوڑ میں آگے ہیں۔ حماس ذرائع نے الشرق الاوسط کو بتایا کہ تحریک کی قیادت میں تقریباً اتفاق رائے ہوچکا ہے کہ اگلے قائد کا نام خفیہ رکھا جائے۔
اخباری اطلاع میں کہا گیا کہ اس کا مقصد نئے سربراہ کو کام کرنے کا زیادہ موقع فراہم کرنا اور اسرائیل کے حملہ سے بچانا ہے۔ اسرائیل حماس تحریک کے بیشتر قائدین کو شہید کردینے کی کوشش میں ہے۔
اسرائیل نے واضح کردیا کہ وہ ان تمام کو موت کے گھاٹ اتارتا رہے گاجو اس کے شہریوں کو دھمکاتے ہیں۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسس اور سیکوریٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے حملہ میں ملوث تمام افراد کے صفائے اور تمام مغویہ اسرائیلیوں کو ملک واپس لانے تک ان کی کارروائی جاری رہے گی۔