دہلی

کانگریس کے نئے صدر نے جائزہ حاصل کرلیا

سونیاگاندھی‘ کھڑگے کو پارٹی صدر کے دفترمیں لے گئیں۔ اس موقع پر پارٹی کے کئی قائدین موجود تھے۔ سونیا گاندھی نے اعتماد ظاہر کیا کہ اب نئے صدر کی کمان میں پارٹی مستحکم ہوگی۔

نئی دہلی: ملیکارجن کھڑگے نے چہارشنبہ کے دن گزشتہ 24 سال میں کانگریس کے پہلے غیرگاندھی صدر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے پارٹی ورکرس میں نئی جان ڈالنے راہول گاندھی کے ڈرو مت کے نعرے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کے جھوٹ اور نفرت کے سسٹم کو ڈھادینے کا عہد کیا۔

سونیا گاندھی نے لگ بھگ 20 سال بعد پارٹی کی کمان کھڑگے کو سونپی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ تبدیلی دنیا کا قانون ہے۔ آج میں اس ذمہ داری سے آزاد ہوگئی ہوں۔ بوجھ ہٹ جانے سے فطری بات ہے کہ سکون کا احساس ہوتا ہے۔

 80 سالہ کھڑگے نے جنہوں نے ششی تھرور کو ہراکر پارٹی کی صدارت حاصل کی ہے‘ ایسے وقت کمان سنبھالی ہے جب ملک کی سب سے قدیم جماعت اپنی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے۔ کانگریس آج انتہائی پستی میں ہے۔ وہ اپنے بل بوتے پر صرف 2 ریاستوں میں ہی برسراقتدار ہے۔

 پارٹی کے نئے صدر کی اولین ذمہ داری ہماچل پردیش اور گجرات اسمبلی الیکشن میں پارٹی کی نیّا پار لگانے کی ہے۔ کانگریس کو بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں سے مقابلہ درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ورکرس کو بی جے پی کو شکست دینے سارا زور لگانا ہوگا جو کانگریس کی قائم کردہ جمہوریت کو کمزور کرنے کی ملزم ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ کس قسم کا نیا ہندوستان ہے جہاں نوجوانوں کو نوکریاں نہیں مل رہی ہیں۔ کسانوں کو جیپوں سے روندا جارہا ہے۔ عورتوں کے خلاف جرائم بڑھتے جارہے ہیں۔ لوگ مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں لیکن حکومت نے اپنی آنکھیں بند کرلی ہیں۔

حکومت صرف چند سرمایہ دار دوستوں کی مدد کررہی ہے۔ نئے بھارت میں حکومت سورہی ہے لیکن اپوزیشن‘ دلتوں‘ اقلیتوں اور درکنار لوگوں کو دبانے کے لئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ‘ سی بی آئی اور انکم ٹیکس 24 گھنٹے کام کررہے ہیں۔ گوڈسے کو محب وطن اور گاندھی کو غدار کہا جارہا ہے۔

امبیڈکر کے دستور کو آر ایس ایس کے دستور سے بدلنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ سونیاگاندھی‘ کھڑگے کو پارٹی صدر کے دفترمیں لے گئیں۔ اس موقع پر پارٹی کے کئی قائدین موجود تھے۔ سونیا گاندھی نے اعتماد ظاہر کیا کہ اب نئے صدر کی کمان میں پارٹی مستحکم ہوگی۔

 اسی دوران سینئر کانگریس قائد ششی تھرور نے کہا کہ وہ نئے اے آئی سی سی صدر کی مکمل تائید کریں گے۔ وہ پارٹی کو آگے لے جانے کے لئے ان سے تعاون کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کے نئے صدر اور سونیاگاندھی کے ساتھ لی گئی تصویر پوسٹ کی۔

a3w
a3w