حیدرآباد

ٹی آرایس لیڈروں کی شبیہ خراب کرنے کیخلاف مرکز کو کویتا کا انتباہ

کویتا نے ٹی آرایس لیڈروں بشمول ان کے خلاف ای ڈی، آئی ٹی اور سی بی آئی کے مقدمات کو ان کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش قراردیا۔ انہوں نے ٹی آرایس کیڈر سے خواہش کی کہ وہ ان جھوٹے مقدمات کے بارے میں فکر مند نہ ہوں۔

حیدرآباد: ٹی آرایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا نے دہلی شراب اسکام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی)کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی تاہم انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو بغیر ٹھوس شواہد کے میڈیا کے ذریعہ ٹی آرایس لیڈروں کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کے خلاف انتباہ دیا۔

دہلی شراب اسکام میں ان کا نام ای ڈی کی جانب سے لئے جانے اور بعض میڈیا آوٹ لیٹس کے اس کو لیک کرنے پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے ان چھاپوں اور مرکزی ایجنسیوں کی کئی طرح کی جانچ کو تلنگانہ حکومت کو گرانے کی کوششوں کو ٹی آرایس کی جانب سے بے نقاب کرنے پر اسے بی جے پی کے ردعمل سے تعبیر کیا۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ 8برسوں میں نریندرمودی حکومت نے مرکزی ایجنسیوں ای ڈی اورآئی ٹی کا غلط استعمال کرتے ہوئے 9ریاستوں میں منتخب حکومتوں کو بے دخل کیاہے۔

ہم نے ان کو بے نقاب کردیا اور عوام نے دیکھ لیا کہ کس طرح بی جے پی نے تلنگانہ کی کے چندرشیکھرراو حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال اورانتخابات کے دوران سیاسی مخالفین کی شبیہ کو خراب کرنا، اسے نقصان پہنچانا بی جے پی کی معمول کی بات بن گئی ہے۔

کسی بھی ریاست میں اسمبلی انتخابات سے ایک سال پہلے مودی کی ہدایت پر ای ڈی پہنچ جاتی ہے۔ چونکہ آئندہ سال دسمبر میں تلنگانہ میں انتخابات ہونے والے ہیں، اسی لئے ای ڈی تلنگانہ میں بھی آگئی ہے۔یہ ایک معمول کا طریقہ کار اوربی جے پی کی گھٹیا سیاست ہے۔

کویتا نے ٹی آرایس لیڈروں بشمول ان کے خلاف ای ڈی، آئی ٹی اور سی بی آئی کے مقدمات کو ان کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش قراردیا۔انہوں نے ٹی آرایس کیڈر سے خواہش کی کہ وہ ان جھوٹے مقدمات کے بارے میں فکر مند نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی جانچ کاسامنا کرنے تیار ہیں۔

یقینی طورپر وہ متعلقہ عہدیداروں کے سوالات کا جواب دیں گی اور ان کا تعاون کریں گی تاہم بی جے پی، معلومات کولیک کرنے کی کوشش کررہی ہے اور ٹی آرایس کے لیڈروں کی شبیہ کو متاثر کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔عوام اس کا مناسب جواب دیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر مودی حکومت ان کو گرفتار کروائے گی اور جیل بھی بھیجے گی تو ٹی آرایس، تلنگانہ کے عوام اور ملک کے لئے کام کے سلسلہ اوربی جے پی کے خلاف لڑائی کو جاری رکھے گی۔جب تک عوام ٹی آرایس کے ساتھ ہیں، ہمیں ایسے الزامات کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔