نواز شریف کے آتے ہی سیاسی نقشہ بدل جائے گا: شہباز شریف
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) سربراہ نواز شریف سے خواہش کی کہ وہ لندن سے لوٹ آئیں اور عام انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کرکے ریکارڈ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) سربراہ نواز شریف سے خواہش کی کہ وہ لندن سے لوٹ آئیں اور عام انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کرکے ریکارڈ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں۔
جمعہ کے دن پارٹی کی سنٹرل جنرل کونسل میٹنگ سے خطاب میں 71 سالہ شہباز شریف نے نواز شریف کی عنقریب وطن واپسی کا اشارہ دیا۔ جیو نیوز نے یہ اطلاع دی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اپنے بڑے بھائی کا انتظار کررہا ہوں جو طبی بنیاد پر نومبر 2019 سے لندن میں ازخود جلاوطن ہیں۔ میں منتظر ہوں کہ نواز شریف پاکستان لوٹ آئیں اور پارٹی میٹنگ طلب کریں تاکہ میں انہیں پارٹی کی صدارت لوٹا سکوں۔
نواز شریف 3مرتبہ پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ لندن روانگی سے قبل وہ العزیزیہ کرپشن کیس میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں 7 سال کی سزا کاٹ رہے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سنٹرل جنرل کونسل کی میٹنگ اس لئے منعقد کی گئی کہ الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی۔ دوران ِ میٹنگ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کو نوجوان قیادت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپنی بھتیجی اور 49 سالہ سینئر نائب صدر مریم نواز کی کڑی محنت کی ستائش کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ دیکھیں گے کہ نواز شریف کے پاکستان لوٹ آتے ہیں سیاست کا نقشہ بدل جائے گا۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بجٹ میں حکومت نے ملازمین کی تنخواہیں اور وظیفہ یابوں کی پنشن بڑھادی۔