مرغے کو عدالت میں پیش کیاجائے گا، عجیب وغریب واقعہ
پنجاب مرغوں کی غیر قانونی لڑائی کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پولیس نے چھاپہ مارا تھا اور مقابلے کے تین منتظم میں سے ایک راجویندر سنگھ عرف راجو کے قبضے سے مرغ کو تحویل میں لیا تھا جس کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

چندی گڑھ: مرغے کو آپ نے پنجرے میں بند دیکھا ہوگا یا پھر دستر خوان پر لذیذ کھانوں کی صورت میں لیکن پنجاب میں ایک مرغ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ یہ عجیب وغریب واقعہ پنجاب میں پیش آیا ہے جہاں چند روز قبل مرغوں کی لڑائی کے ایک غیر قانونی مقابلہ میں پکڑے گئے مرغ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
میڈیا کے مطابق پنجاب کے ضلع بھٹنڈہ کے علاقہ بلوانہ میں 21 جنوری کو مرغوں کی غیر قانونی لڑائی کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پولیس نے چھاپہ مارا تھا اور مقابلے کے تین منتظم میں سے ایک راجویندر سنگھ عرف راجو کے قبضے سے مرغ کو تحویل میں لیا تھا جس کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس نے چھاپے کے دوران جائے وقوعہ سے کچھ ٹرافیاں بھی برآمد کی تھیں جو جیتنے والے مرغوں کے مالکان کو دی جانی تھیں۔ تینوں منتظمین کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مرغ کو پرندوں کی دیکھ بھال کرنے والے ایک مقامی بریڈر کے حوالے کر دیا ہے۔
اسسٹنٹ سب انسپکٹر نرمل جیت سنگھ کا کہنا ہے کہ جب بھی اس کیس کی سماعت ہوگی تو مرغ کو کیس پراپرٹی کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔