قومی

کانگریس کے تین ارکان پارلیمنٹ نے فضائی آلودگی کے مسئلہ پر لوک سبھا میں تحریک التواء کا نوٹس دیا

کنیا کماری سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وجے کمار (وجے وسنت) نے دہلی کی فضائی آلودگی کے بحران کو قومی صحت عامہ کی ایمرجنسی قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے نوٹس میں کہا کہ دہلی ایک کھلے گیس چیمبر میں تبدیل ہو گئی ہے۔

نئی دہلی: کانگریس کے تین ارکان پارلیمنٹ منیش تیواری، وجے کمار (وجے وسنت) اور منیکم ٹیگور نے جمعرات کو دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوک سبھا میں تحریک التواء کے لیے علیحدہ نوٹس دے کر اس معاملے پر فوری بحث کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں
دہلی میں فضائی آلودگی، اسکول 18 نومبر تک بند رہیں گے
آتشبازی پر سال بھر امتناع ضروری: سپریم کورٹ
مودی حکومت، دستور کے لئے خطرہ: راہول گاندھی
اروند کجریوال،سرکاری قیامگاہ سے نئے بنگلے میں منتقل
کجریوال چند ہفتوں میں سرکاری بنگلہ خالی کردیں گے


کنیا کماری سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وجے کمار (وجے وسنت) نے دہلی کی فضائی آلودگی کے بحران کو قومی صحت عامہ کی ایمرجنسی قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے نوٹس میں کہا کہ دہلی ایک کھلے گیس چیمبر میں تبدیل ہو گئی ہے۔

یہاں کروڑوں افراد زہریلی ہوا میں سانس لے رہے ہیں۔ یہ ہوا جسم کے ہر عضو کو نقصان پہنچانے اوربچوں و نوجوانوں میں بھی بیماریوں کا باعث بن رہی ہے۔ ایم پی نے بحران کی نگرانی کرنے میں ناکام رہنے پر مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ایجنسیوں کے پاس آلودگی کے درست ڈیٹا تک نہیں تھے۔

مسٹر کمار نے ایک قومی صاف فضائی منصوبہ کے آغاز پر زور دیا اور انتباہ دیا کہ اس میں تاخیر سے لوگوں کی زندگی خطرے میں ہے اور پارلیمنٹ کو فوری طور پر توجہ دینی چاہیے۔


چنڈی گڑھ سے کانگریس ایم پی مسٹر تیواری نے اپنے نوٹس میں لکھا کہ فضائی آلودگی کے خطرناک بحران نے دہلی-این سی آر اور پورے گنگا کے میدان کو مہلک گیس چیمبر میں تبدیل کر دیا ہے۔ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یہ صحت عامہ کی قومی ایمرجنسی ہے۔

زہریلی ہوا اب لاکھوں ہندوستانی شہریوں کی زندگی کے سال چھین رہی ہے۔ طبی ماہرین نے تمباکو نوشی نہ کرنے والوں میں پھیپھڑوں کے کینسر میں تیزی سے اضافے کی اطلاع دی ہے۔ بچوں کے پھیپھڑوں اور دماغوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ بزرگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے اور ہر عمر کے لوگوں کو دمہ، نمونیا، ہارٹ اٹیک اور اسٹروک کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔


تمل ناڈو کے ویردھ نگر سے ایم پی مسٹر ٹیگور نے اپنے نوٹس میں کہا کہ عام شہری فضائی آلودگی کا شکار ہیں۔

ماسک کے باوجود کھانستے ہوئے بچے، بزرگ زہریلی ہوا میں رہنے پر مجبور ہیں۔ ہمارے کارکنان اس کا شکار ہیں کیونکہ وہ گھر کے اندر نہیں رہ سکتے۔ لیکن کوئی احتساب نہیں، آلودگی پھیلانے والے آزاد گھوم رہے ہیں اور شہری اپنی صحت سے اس کی قیمت چکا رہے ہیں۔