دہلی میں فضائی آلودگی، اسکول 18 نومبر تک بند رہیں گے
قومی دارالحکومت میں فضائی آلودگی شدید کے زمرہ میں ہے جس کے ساتھ ہی حکومت ِ دہلی نے آج اعلان کیا کہ تمام اسکول 18 نومبر تک بند رہیں گے۔

نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں فضائی آلودگی شدید کے زمرہ میں ہے جس کے ساتھ ہی حکومت ِ دہلی نے آج اعلان کیا کہ تمام اسکول 18 نومبر تک بند رہیں گے۔
حکومت نے آج جاری کردہ اپنے حکم نامہ میں کہا کہ دہلی میں شدید فضائی معیار کی وجہ سے GRAP-IV اقدامات کے نفاذ کے پیش نظر اور آئی ایم ڈی کی پیش قیاسی کے مطابق مستقبل قریب میں ایسے موسمی حالات سے کوئی راحت نہ ملنے کو مدنظر رکھتے ہوئے 2023-24 کے سیشن کے لئے سرمائی وقفہ کو مقدم کیا جاتا ہے تاکہ اسکولس پوری طرح بند رہ سکیں اور بچے و اساتذہ گھروں میں رہ سکیں۔
حکم نامہ میں کہا گیا کہ اسی کے مطابق تمام اسکولوں میں 9 نومبر 2003 تا 18 نومبر 2023 سرمائی وقفہ دیا جانا چاہئے۔ سربراہان اسکولوں کو‘ والدین کو فوری یہ معلومات فراہم کرنی چاہئیں۔
حکومت ِ دہلی نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ پرائمری اسکول 10 نومبر تک بند رہیں گے جبکہ چھٹی تا بارہویں جماعت کے طلبا کو آن لائن موڈ اختیار کرنے کا آپشن دیا جائے گا۔