حیدرآباد

چشتی چمن میں سہ روزہ جشنِ معراج النبی ﷺ کا باوقار آغاز

چشتی چمن کی مقدس سرزمین پر حضرت سیدنا محمد افتخار علی شاہؒ کی حسبِ وصیت سہ روزہ جشنِ معراج النبی ﷺ کا شاندار اور روح پرور آغاز جمعرات کی شام ہوا۔ یہ روحانی تقاریب حضرت پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری، وارثِ سرکارِ وطنؒ، کی زیرِ سرپرستی منعقد کی جا رہی ہیں۔

حیدرآباد: چشتی چمن کی مقدس سرزمین پر حضرت سیدنا محمد افتخار علی شاہؒ کی حسبِ وصیت سہ روزہ جشنِ معراج النبی ﷺ کا شاندار اور روح پرور آغاز جمعرات کی شام ہوا۔ یہ روحانی تقاریب حضرت پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری، وارثِ سرکارِ وطنؒ، کی زیرِ سرپرستی منعقد کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

بعد از نمازِ عصر قدیم مرکزی خانقاہِ افتخاریہ سے موئے مبارکِ رسول اللہ ﷺ کے غسلِ عطر و عنبر کے بعد صندل کے ہمراہ ایک پُرکیف جلوس برآمد ہوا۔ جلوس میں دف پر بنی ہاشم کی جماعت، درگاہ یوسفینؒ کے امام حافظ محمد حیدر شاہ کی جماعت، اور مختلف خانقاہوں و درگاہوں کے سجادگان و وابستگانِ سلسلۂ عالیہ افتخاریہ شریک تھے۔ شرکاء ذکرِ الٰہی اور “یا رسول اللہ ﷺ” کی صداؤں کے ساتھ خانقاہ شریف سے درگاہِ معلیٰ تک پہنچے۔

درگاہِ سرکارِ وطنؒ پر نمازِ مغرب باجماعت ادا کی گئی، جس کے بعد مزارِ اقدس پر صندل مالی، عطر و عنبر اور عرقِ گلاب پیش کیا گیا۔ اس موقع پر حضرت پیر سید شبیر نقشبندی نے رقت انگیز دعا کی۔ دعا کے دوران گنبدِ سرکارِ وطنؒ کی فضا روحانی کیفیت سے گونج اٹھی۔ انہوں نے بارگاہِ الٰہی میں شکر ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ خانوادۂ افتخاریہ قیامت تک حضرت سرکارِ وطنؒ کی وصیت کے مطابق جشنِ معراج النبی ﷺ کا اہتمام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ کرتا رہے گا۔

بعد ازاں حضرت پیر نقشبندی کی قیادت میں سلسلۂ افتخاریہ کے اکابرین کے مزارات، جن میں حضرت معین اللہ حسینی شاہؒ، حضرت پیر چشتی سید ولی اللہ حسینی شاہؒ، پیرانی ماں حضرت سیدہ زینب فاطمہؒ، حضرت پیر افتخاری سید قادر محی الدین حسن سنجریؒ اور حضرت پیر سید احمد کبیر رفاعیؒ شامل ہیں، پر گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔

اس موقع پر قصیدہ بردہ شریف، صلوٰۃ و سلام اور نعت و منقبت کی محافل منعقد ہوئیں، جن میں جماعتِ بنی ہاشم بارکس اور مسجد یوسفینؒ کی جماعت نے پُرسوز آواز میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ خانقاہِ افتخاریہ میں رات گئے تک محفلِ نعت و منقبت جاری رہی، جبکہ شرکاء میں طعامِ عام بطور تبرک تقسیم کیا گیا۔

تقریب میں مختلف خانقاہوں و درگاہوں کے سجادگان، علما و مشائخ اور وابستگانِ سلسلۂ افتخاریہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ امن و امان کے لیے درگاہ حضرت وطنؒ چشتی چمن تحفظ و ترقی کمیٹی کی نمائندگی پر کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی سجنار کی ہدایت سے پولیس کے معقول انتظامات کیے گئے، جن کی نگرانی سرکل انسپکٹر رمیش نے کی۔

اس موقع پر حضرت پیر سید شبیر نقشبندی نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو دعاؤں سے نوازا اور صوفیانہ روایات کے مطابق تبرکات بھی عطا کیے۔ دریں اثنا، خانقاہ انتظامیہ کے مطابق جمعہ کو درگاہ شریف میں محفلِ چراغاں اور جشنِ معراج النبی ﷺ جاری رہے گا، جبکہ 27 رجب کو بعد از نمازِ فجر محفلِ قل کے ساتھ سہ روزہ تقاریب کا اختتام عمل میں آئے گا۔

واضح رہے کہ حضرت سرکارِ وطنؒ نے اپنی وصیت میں 9 رمضان کو ولادت اور وفات کے حوالے سے الگ عرس منعقد نہ کرنے کی ہدایت فرمائی تھی، جبکہ آپؒ اپنی حیاتِ مبارکہ میں جشنِ معراج النبی ﷺ کا اہتمام فرمایا کرتے تھے۔ اسی روایت کو آج بھی خانوادۂ افتخاریہ پوری عقیدت کے ساتھ برقرار رکھے ہوئے ہے۔