حیدرآباد

حضراتِ یوسفینؒ کے 326 ویں عرسِ مبارک کی سہ روزہ تقریبات 23 مئی سے شروع

نامپلی ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع حضراتِ یوسفینؒ کی درگاہ صدیوں سے روحانی مرکز کی حیثیت رکھتی ہے، جہاں ہر مذہب اور طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد حاضری دے کر روحانی سکون حاصل کرتے ہیں۔ حضرت سیدنا شاہ یوسف قادری چشتیؒ اور حضرت سیدنا شاہ شریف الدین قادری چشتیؒ اپنی عبادت، تقویٰ، خدمتِ خلق اور انسان دوستی کے باعث عوام میں ’’یوسف باباؒ‘‘ اور ’’شریف باباؒ‘‘ کے نام سے معروف ہیں۔

حیدرآباد: حیدرآباد دکن کی معروف روحانی درگاہ حضراتِ یوسفینؒ کے 326 ویں عرسِ مبارک کی سہ روزہ تقریبات 23 مئی سے عقیدت و احترام کے ساتھ شروع ہوں گی۔ عرس کے موقع پر ملک بھر سے لاکھوں زائرین، علماء، مشائخ اور عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں
ملک میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے حملوں پر مسلم پرسنل لا بورڈ کا اظہارِ تشویش، ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان
گورنمنٹ ڈگری کالج فلک نما میں انا–اکّا مینٹورشپ انٹرن شپ تربیتی پروگرام کا آغاز
محرم الحرام 2026 کے انتظامات پر بی جے پی وفد کی کمشنر پولیس حیدرآباد سے ملاقات
جماعتِ اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد ویمنز ونگ کے زیرِ اہتمام صحافیوں اور این جی اوز کا اجلاس
نعتیہ کلام دلوں کو محبتِ رسول ﷺ سے منور کرتا ہے: سعداللہ خان سبیل

نامپلی ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع حضراتِ یوسفینؒ کی درگاہ صدیوں سے روحانی مرکز کی حیثیت رکھتی ہے، جہاں ہر مذہب اور طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد حاضری دے کر روحانی سکون حاصل کرتے ہیں۔ حضرت سیدنا شاہ یوسف قادری چشتیؒ اور حضرت سیدنا شاہ شریف الدین قادری چشتیؒ اپنی عبادت، تقویٰ، خدمتِ خلق اور انسان دوستی کے باعث عوام میں ’’یوسف باباؒ‘‘ اور ’’شریف باباؒ‘‘ کے نام سے معروف ہیں۔

تاریخی روایات کے مطابق حضرت یوسف صاحبؒ مصر جبکہ حضرت شریف صاحبؒ شام کے علاقہ کنعان سے تعلق رکھتے تھے۔ حج بیت اللہ اور روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کے سفر کے دوران دونوں بزرگوں کی ملاقات ہوئی، جو بعد میں ایک عظیم روحانی رفاقت میں تبدیل ہوگئی۔

دکن کی تاریخ میں حضراتِ یوسفینؒ کا ذکر خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ روایت کے مطابق اورنگ زیب عالمگیر کے دور میں گولکنڈہ کے محاصرہ کے دوران ان بزرگوں کی دعا اور روحانی توجہ سے مغل لشکر کو کامیابی حاصل ہوئی۔ بعد ازاں دونوں بزرگوں نے دنیاوی زندگی ترک کرکے نامپلی کے علاقہ میں عبادت و ریاضت کو اپنا شعار بنالیا، جو وقت کے ساتھ ایک عظیم روحانی مرکز بن گیا۔

عرسِ مبارک کے دوران خصوصی دعا، قوالی، محفلِ ذکر، چادر پوشی اور دیگر روحانی تقاریب منعقد ہوں گی۔ انتظامیہ کے مطابق زائرین کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ماہرین اور دانشوروں کے مطابق حضراتِ یوسفینؒ کی تعلیمات آج بھی محبت، بھائی چارہ، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا پیغام دیتی ہیں۔ ان کا عرس دکن کی صوفیانہ تہذیب اور روحانی روایات کا ایک اہم مظہر سمجھا جاتا ہے۔