تلنگانہ

بھائی کے ٹی آر کے ساتھ کویتا دہلی روانہ

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کی دختر کے کویتا غیر یقینی صورتحال کے درمیان اتوار کے روز دہلی روانہ ہوگئیں تاہم وہ آیا دہلی شراب پالیسی کیس میں پیر 20 مارچ کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ا ی ڈی) کے سامنے پیش ہوں گی نہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کی دختر کے کویتا غیر یقینی صورتحال کے درمیان اتوار کے روز دہلی روانہ ہوگئیں تاہم وہ آیا دہلی شراب پالیسی کیس میں پیر 20 مارچ کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ا ی ڈی) کے سامنے پیش ہوں گی نہیں۔

متعلقہ خبریں
کشن ریڈی اور کویتا نے ووٹ دیا
کجریوال کو ای ڈی کا 5 واں سمن جاری
نیشنل ہیرالڈ کے اثاثوں کی قرقی سیاست میں نیا اوچھا پن: کپل سبل
کے ٹی آر اور کویتا کے زوال کا آغاز، منی لانڈرنگ کیس کے ملزم کا جیل سے مکتوب
بی آر ایس ہیٹرک کرے گی، جگتیال اور کورٹلہ میں کویتا کا دعویٰ

بی آر ایس ایم ایل سی کویتا، اپنے بھائی وریاستی وزیر کے تارک راماراؤ اور ایم پی سنتوش کمار کے ساتھ خصوصی طیارہ کے ذریعہ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے دہلی کیلئے روانہ ہوگئیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوپایا کہ کویتا، شخصی طورپر ای ڈی کے سامنے پیش ہوں گی یا پھر 16 مارچ کی طرح اپنے نمائندہ کو دفتر ای ڈی روانہ کریں گی۔

دہلی میں ای ڈی عہدیداروں کے سامنے حاضر ہونے سے چند گھنٹو ں قبل انہوں نے ایجنسی کو مکتو ب تحریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تحقیقات میں شخصی طورپر شریک نہیں ہوں گی۔ بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کی خاتون قائد نے پارٹی کے جنرل سکریٹری سوما بھرت کمار کو ان کی طرف سے ای ڈی کے سامنے حاضر ہونے کا مجاز گردانا تھا۔

اُنہوں نے یہ استدلال دیا تھا کہ اُنہیں شخصی طورپر حاضر ہونے کیلئے نہیں کہا گیا تاہم وہ مجاز کردہ نمائندہ کے ذریعہ شرکت کریں گی۔ کے کویتا نے اپنے مکتوب میں مزید کہا تھا کہ اُنہوں نے اس سلسلہ میں سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے جس کی سماعت 24 مارچ کو مقرر ہے۔

اُنہوں نے کہاکہ اگرچیکہ وہ ای ڈی کے سمن کا احترام کرتی ہیں مگر سپریم کورٹ میں ان کی عرضی کی سماعت اور مزید پروسیڈنگ تک انتظار کرنا چاہتی ہیں۔ دہلی شراب پالیسی اسکام کیس میں ای ڈی کے سمن کے سلسلہ میں تلنگانہ قانون ساز کونسل کی رکن نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی ہے۔

اُنہوں نے ان خدشات کا اظہار کیا تھا ای ڈی، جبری ہتھکنڈے استعمال کرے گی۔ کویتا، 11 مارچ کو شخصی طورپر اے ڈی کے سامنے پیش ہوچکی ہیں۔این ایس ایس کے مطابق وکلا اور بی آر ایس لیگل سیل کے سینئر رکن بھی دہلی روانہ ہوچکے ہیں۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔

دوسری طرف ابھی تک اس بات پر تجسس برقرار ہے کہ آیا کویتا، پیر کے روز ای ڈی کے سامنے پیش ہو ں گی یا نہیں؟ وہ، 16 مارچ کو ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئی تھیں۔ بھرت کمار سے مکتوب وصول کرنے کے بعد ای ڈی نے کویتا کو تازہ سمن جاری کرتے ہوئے انہیں 20 مارچ کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔