ٹرانسفارمر دھماکہ ۔خوفناک آتشزدگی ۔اے پی کے ضلع گنٹور میں واقعہ
پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر ٹریفک کو عارضی طور پر روک دیا تاکہ امدادی کارروائی میں رکاوٹ نہ ہو۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ٹرانسفارمر میں تکنیکی خرابی کے باعث دھماکہ ہوا۔ تاہم بجلی کے محکمہ کے ماہرین کو بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔
حیدرآباد: آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں دس کاریں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں افرا تفری مچ گئی اور لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔
اطلاعات کے مطابق، آٹو نگر علاقہ میں اچانک ایک ٹرانسفارمر دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی اور قریب کھڑی گاڑیاں شعلوں کی لپیٹ میں آگئیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ اتنی بڑھ گئی کہ قریبی دکانوں اور مکانات کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر فائر بریگیڈ اور پولیس کو اطلاع دی۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے کئی فائر ٹینڈرس ے ساتھ موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، لیکن اس وقت تک دس کاریں مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگئی تھیں۔ خوش قسمتی سے اس واقعہ کے وقت وہاں پر کوئی موجود نہ تھا جس کے باعث جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر ٹریفک کو عارضی طور پر روک دیا تاکہ امدادی کارروائی میں رکاوٹ نہ ہو۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ٹرانسفارمر میں تکنیکی خرابی کے باعث دھماکہ ہوا۔ تاہم بجلی کے محکمہ کے ماہرین کو بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔
واقعہ کے بعد مقامی تاجروں اور مکینوں نے شکایت کی کہ آٹو نگر علاقہ میں پرانے اور خستہ حال ٹرانسفارمرس
کی وجہ سے ہمیشہ حادثات کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور بجلی کے محکمہ سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے سانحات سے بچا جاسکے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں جبکہ ٹرانسفارمر کے دھماکے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے ماہرین کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔