منوگوڑ میں ٹی آر ایس کی قابل لحاظ اکثریت کے ساتھ پیشرفت جاری
اب تک کے رجحانات سے پتہ چلتا ہے کہ منوگوڑ ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کی کامیابی لگ بھگ یقینی نظر آرہی ہے۔ بعض مقامات پر ٹی آر ایس ورکرس نے کامیابی کا جشن بھی شروع کردیا ہے۔

حیدرآباد: منوگوڑ ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی ہنوز جاری ہے اور جملہ 16 راؤنڈس کے منجملہ اب تک 11 راؤنڈس کی گنتی مکمل ہوچکی ہے جس کے بعد ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی لگ بھگ یقینی نظر آرہی ہے۔
ٹی آر ایس اور بی جے پی میں ابتدا سے ہی کانٹے کی ٹکر دیکھی گئی اور ہر راؤنڈ کے بعد دونوں پارٹیوں کے امیدوار ایک دوسرے کو چیلنج دیتے نظرآئے۔
آخری اطلاعات ملنے تک 11 راؤنڈ ووٹوں کی گنتی ختم ہوچکی تھی جس میں ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو قریبی حریف بی جے پی امیدوار کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے خلاف ساڑھے پانچ ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ پہلے راؤنڈ میں بھی ٹی آر ایس کو سبقت ملی تھی تاہم دوسرے اور تیسرے راؤنڈ میں بی جے پی امیدوار کو سبقت حاصل ہوگئی۔ اس کے بعد چوتھے راؤنڈ سے ٹی آر ایس امیدوار ہی ابھی تک اپنی سبقت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
گیارہویں راؤنڈ کی گنتی ختم ہونے کے بعد بی جے پی امیدوار راج گوپال ریڈی کو 68 ہزار 771 جبکہ ٹی آر ایس امیدوار پربھاکر ریڈی کو 74 ہزار 377 ووٹ مل چکے ہیں۔ اس طرح ٹی آر ایس امیدوار کو گیارہویں راؤنڈ کے اختتام پر 5606 ووٹوں کی سبقت حاصل تھی۔
بتایا گیا ہے کہ 12 ویں راؤنڈ کی گنتی جاری ہے اور اس کے بعد مزید 3 تا 4 راؤنڈ گنتی ہوگی۔ اب تک کے رجحانات سے پتہ چلتا ہے کہ منوگوڑ ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کی کامیابی لگ بھگ یقینی نظر آرہی ہے۔ بعض مقامات پر ٹی آر ایس ورکرس نے کامیابی کا جشن منانا بھی شروع کردیا ہے۔