آندھراپردیش

کپم میں دو کمپنیوں کوا راضیات مختص۔ چیف منسٹر اے پی کا ایکس پر پوسٹ

آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے پیر کے روز کہا کہ ضلع چتور میں دو کمپنیوں کو یہاں اراضی مختص کی گئی ہے جہاں یہ دونوں کمپنیاں اپنے صنعتی یونٹس قائم کریں گی جس سے 8 ہزار نوکریاں تخلیق ہوں گی۔

کپم(اے پی) (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے پیر کے روز کہا کہ ضلع چتور میں دو کمپنیوں کو یہاں اراضی مختص کی گئی ہے جہاں یہ دونوں کمپنیاں اپنے صنعتی یونٹس قائم کریں گی جس سے 8 ہزار نوکریاں تخلیق ہوں گی۔

چیف منسٹر نے کہا کہ شریجا ملک پروڈیوسر آرگنائزیشن، ڈیری، انیمل فیڈ پروسیسنگ یونٹ قائم کرے گی جبکہ دوسری کمپنی مدر ڈیری فروٹ پلپ پروسیسنگ یونٹ قائم کرے گی۔ شریجا ملک پروڈیوسر آرگنائزیشن اور مدر ڈیری کے نمائندوں نے کپم میں چیف منسٹر سے ملاقات کی۔

صفر غربت کے ہدف کے حصول کے سمت ہم نے ان کے تبدیلی سرمایہ کاری منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا جو ہمارے سورنا آندھرا کے ویژن کے عین مطابق ہے۔ اس لئے حکومت نے ان دو کمپنیوں کو کپم میں صنعتی یونٹس کے قیام کے لئے اراضیات مختص کی ہیں۔ چندرابابو نائیڈو نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

چیف منسٹر کے مطابق اس پہل کا مقصد کسانوں سے براہ راست دودھ اور باغبانی کی اشیاء خریدتے ہوئے دیہی معیشت کو مستحکم بنانا ہے تاکہ ان کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوسکے۔ یہ سرمایہ کاری، کپم ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ساتھ سابق میں کئے گئے معاہدہ کا حصہ ہے جو کپم کی وسیع تر ترقی کے لئے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان دو کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 15 سے 18 ماہ کے اندر اپنے صنعتی یونٹوں کے قیام کے کام مکمل کرلیں۔