شمالی بھارت

اومیش پال قتل: ایک اور ملزم کا انکاؤنٹر

جوابی فائرنگ میں ایک بدمعاش زخمی ہوگیا جبکہ کچھ دیگر تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس مڈھ بھیڑ میں سریندر سنگھ نامی سپاہی بھی بدمعاشوں کی گولی سے زخمی ہوئے ہیں۔

پریاگ راج: راجوپال قتل واردات کے گواہ اومیش پال کے قتل کے ایک اور ملزم کو پریاگ راج پولیس اور اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے پیر کو کوندھیارا تھانہ علاقے میں ایک مبینہ مڈھ بھیڑ میں ہلاک کردیا۔

متعلقہ خبریں
عتیق احمد کے قاتل براہ لکھنو، پریاگ راج پہنچے تھے
عتیق اور اشرف کے تینوں قاتل پرتاپ گڑھ جیل منتقل
یوپی کے وزیر قصوروار قرار ایک سال کی جیل

پولیس ذرائع نے بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے آج علی الصبح لال پور علاقے میں گھیرا بندی کی اور وہاں روپوش بدمعاشوں کو خودسپردگی کی وارننگ دی لیکن پولیس کو دیکھتے ہی بدمعاشوں نے ان پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

جوابی فائرنگ میں ایک بدمعاش زخمی ہوگیا جبکہ کچھ دیگر تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس مڈھ بھیڑ میں سریندر سنگھ نامی سپاہی بھی بدمعاشوں کی گولی سے زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو سوروپ رانی نہرو اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بدمعاش کو مردہ قرار دے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی بدمعاش کی شناخت وجئے چودھری عرف عثمان کے طور پر کی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے پولیس نے دھومن گنج تھانہ علاقے کے جواہر پارک علاقے میں ہوئی مڈھ بھیڑ میں امیش پال قتل کے ایک ملزم ارباز کو ڈھیر کیا تھا۔ قتل واردات کے وقت موقع پر شوٹر جس گاڑی سے پہنچے تھے اسے ارباز ہی چلا رہا تھا۔

بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)کے ایم ایل اے راجوپال کے قتل کے اہم گواہ امیش پال کا 24فروری کو دن دہاڑے گھر کے سامنے گولی اور بم مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

اس حملے میں سرکاری گنر سندیپ نشان کی موت اسپتال میں دوران علاج ہوگئی تھی جبکہ راگھویندر کو علاج کے لئے لکھنؤ ایس جی پی جی آئی ریفر کیا گیا تھا جہاں ان کی بھی موت ہوگئی۔