دہلی سے حیدرآباد آنے والے طیارہ کو نامعلوم افراد کی جانب سے ای میل کے ذریعہ بم سے اڑانے کی دھمکی
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتہ کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب دہلی سے حیدرآباد آنے والی انڈیگو کی ایک فلائٹ کو نامعلوم افراد کی جانب سے ای میل کے ذریعہ بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی۔
حیدرآباد: حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہفتہ کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب دہلی سے حیدرآباد آنے والی انڈیگو کی ایک فلائٹ کو نامعلوم افراد کی جانب سے ای میل کے ذریعہ بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی۔
دہلی سے روانہ ہونے والی اس فلائٹ میں بم کی اطلاع ملتے ہی مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ جیسے ہی طیارہ شمس آباد ایئرپورٹ کے رن وے پر لینڈ ہوا سیکورٹی حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے آئسولیشن بے میں منتقل کر دیا۔
تمام مسافروں کو بحفاظت نیچے اتارنے کے بعد بم ڈسپوزل اسکوڈ اور سی آئی ایس ایف کے عملہ نے طیارہ کی مکمل تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ایک مشتبہ کھلونا ملنے پر سیکورٹی فورسس مزید الرٹ ہو گئیں اور اسے بم سمجھ کر خصوصی آلات کی مدد سے چیک کیا گیا۔
طویل معائنہ کے بعد حکام نے تصدیق کی کہ اس کھلونے میں کوئی دھماکہ خیز مواد موجود نہیں تھا اور وہ محض ایک عام کھلونا تھا جو کوئی مسافر غلطی سے طیارہ میں چھوڑ گیا تھا۔ پولیس نے جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم کی شناخت کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔