مشرق وسطیٰ

سعودی عرب کے ساحل کے قریب ٹینکر پر نامعلوم میزائل حملہ، جہاز میں آگ لگ گئی

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز کی مؤثر بندش کے بعد سعودی عرب نے اپنی تیل برآمدات کے لیے بحیرۂ احمر کی بندرگاہوں، خصوصاً ینبع، پر انحصار بڑھا دیا ہے۔

ریاض :   برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق سعودی عرب کے بحیرۂ احمر کے ساحلی شہر ینبع سے 63 بحری میل مغرب میں ایک آئل ٹینکر نامعلوم میزائل نما شے کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے مرکزی ڈیک پر آگ بھڑک اٹھی۔

یو کے ایم ٹی او نے بتایا کہ جہاز کے تمام عملے کے ارکان محفوظ ہیں اور سب کی موجودگی کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ ادارے کے مطابق واقعے سے کسی ماحولیاتی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ادارے نے بحری جہازوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس علاقے سے انتہائی احتیاط کے ساتھ گزریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز کی مؤثر بندش کے بعد سعودی عرب نے اپنی تیل برآمدات کے لیے بحیرۂ احمر کی بندرگاہوں، خصوصاً ینبع، پر انحصار بڑھا دیا ہے۔

حالیہ ہفتوں میں یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے بحیرۂ احمر میں سعودی مفادات سے منسلک بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے سعودی عرب کی اس متبادل برآمدی راہداری کی سلامتی پر خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

ینبع، یمن کی قریب ترین سرحد سے تقریباً 900 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔