اضلاع میں بے موسم بارش اور ژالہ باری
نظام آباد ضلع کے اندل وائی منڈل کے گنارم دھرپلی گاوں میں شدیدبارش کے سبب دھان گیلی ہوگئی جس پر کسانوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔سدی پیٹ ضلع کے حسن آباد مارکٹ یارڈ میں رکھی کٹی ہوئی فصلوں کو نقصان پہنچا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بے موسم بارش اور ژالہ باری نے کسانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ژالہ باری کے سبب دھان اورمکئی کی فصل کو شدید نقصان پہنچایا۔کاماریڈی ضلع کے راجم پیٹ منڈل میں طوفانی ہوائیں دیکھی گئیں اور بجلی گرنے سے 13بکرے ہلاک ہوگئے۔
نظام آباد ضلع کے اندل وائی منڈل کے گنارم دھرپلی گاوں میں شدیدبارش کے سبب دھان گیلی ہوگئی جس پر کسانوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔سدی پیٹ ضلع کے حسن آباد مارکٹ یارڈ میں رکھی کٹی ہوئی فصلوں کو نقصان پہنچا۔
حسن آباد حلقہ میں کوہیڑا،چگرومامڈی منڈل میں شدید بارش ہوئی۔جگتیال ضلع میں بھی ہوئی بارش کے نتیجہ میں کسانوں کو شدید نقصان پہنچا۔دھان کے ساتھ ساتھ آم کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ضلع کے کونڈاگٹو میں بجلی گرنے سے ایک شخص شدید طورپر جھلس گیا۔
اس کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیاگیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔میڈی پڈی منڈل میں بجلی گرنے سے 20بکرے ہلاک ہوگئے۔راجنا سرسلہ ضلع کے رُدرنگی میں بارش سے دھان کی فصل کونقصان پہنچا۔کریم نگر ضلع کے چپہ ڈنڈی اور دیگر علاقوں میں بھی گزشتہ چند دنوں سے شدید بارش ہوئی جس سے کئی قسم کی فصلیں متاثر ہوئیں۔
چپہ ڈنڈی زرعی مارکٹ میں اس بارش کے سبب وہاں رکھی کٹی ہوئی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ضلع کے سلطان آباد اور دیگر مقامات پر بارش کے سبب فصلوں کو نقصان ہوا۔