وی ڈی ستیشن آج وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے
تقریب کے مقام پر وسیع انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں تقریباً 10 ہزار افراد کی گنجائش والا ایک بڑا پنڈال بھی شامل ہے۔ حلف برداری کی تقریب کی براہِ راست نشریات کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر بڑی ایل ای ڈی اسکرینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔
ترواننت پورم: کیرالہ میں آج کانگریس کے قیادت والے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) حکومت کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی، جہاں وی۔ ڈی۔ ستیشن وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
21 رکنی وزارتی کونسل کی حلف برداری کی تقریب صبح 10 بجے یہاں سینٹرل اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔
تقریب کے مقام پر وسیع انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں تقریباً 10 ہزار افراد کی گنجائش والا ایک بڑا پنڈال بھی شامل ہے۔ حلف برداری کی تقریب کی براہِ راست نشریات کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر بڑی ایل ای ڈی اسکرینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔
اس تقریب میں کانگریس کے سینئر رہنماؤں، کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے، لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی شرکت کا امکان ہے۔
کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا، تلنگانہ کے وزیر اعلی اے ریونت ریڈی، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو اور کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے۔ شیوکمار کی بھی شرکت متوقع ہے۔
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے کو بھی مدعو کیا گیا تھا، تاہم ان کی شرکت کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر راجیو چندرشیکھر نے بتایا کہ مسٹر ستیشن کی جانب سے ذاتی طور پر مدعو کئے کے بعد ریاستی بی جے پی اراکینِ اسمبلی اور این ڈی اے کے رہنما بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔